بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے قبائلی خاتون سیاستدان دروپدی مرمو کو بھارتی صدارتی امیدوار کے لیے نامزد کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 64 سالہ دروپدی مرمو، ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں جن کا تعلق ریاست اڑیسہ سے ہے اور وہ ریاستی گورنر کے طور پر فرائض انجام دے چکی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دروپدی مرمو ماضی میں ٹیچر رہ چکی ہیں اور اگر وہ بھارت کی صدر منتخب ہوجاتی ہیں تو وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی قبائلی رہنما ہوں گی۔
اس حوالے سے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’ دروپدی مرمو جی نے اپنی زندگی معاشرے کی خدمت، غریبوں اور پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے وقف کر دی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ ہماری قوم کی عظیم صدر ہوں گی‘۔
دوسری جانب دروپدی مرمو نے کہا کہ اُنہیں اپنی نامزدگی کا علم ٹی وی کے ذریعے ہوا اور وہ بےحد خوش ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں صدارتی الیکشن رواں سال 18 جولائی کو ہوں گے جبکہ نتائج کا اعلان 21 جولائی کو ہوگا۔