• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارسلونا میں عظیم الشان نعتیہ محفل پاک کا انعقاد

بارسلونا(جوادچیمہ)بارسلونا میں نعتیہ محفل پاک کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان بارسلونا مرزا سلمان بابر بیگ تھے،محفل میں خطیب اعظم علامہ صاحبزادہ پیر سید حسنات احمد بخاری، پاکستان سے تشریف لائے نعت خواں قاری شاہد محمود قادری سمیت اسپینش مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ عظیم الشان محفل پاک کے آرگنائزر چوہدری امتیاز آکیہ، چوہدری عزیز امرہ ،ایاز عباسی اور رضوان کاظمی تھے ۔نعتیہ محفل پاک کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے قاری عطا الرحمٰن مصطفیٰ نے کیا۔قدیر احمد خان نے نبی اکرمﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔بارسلونا میں پاکستان کےقونصل جنرل پاکستان مرزا سلمان بابر بیگ نے کہا کہ لوگ اکثر یہ معلوم کرتے ہیں کہ شریعت اور طریقت میں کیا فرق ہے،ان کیلئے عرض ہے کہ نبی اکرمﷺ کی محبت ہی اصل میں شریعت اور طریقت ہے۔ محفل پاک میں بلجیم سے تشریف لائے مہمان خطیب اعظم حضرت علامہ صاحبزادہ پیر سید حسنات احمد بخاری نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک کی طرف سے ہمیں دنیا میں جو سب سے بڑی نعمت ملی ہے وہ والدین ہیں جن کا کوئی نعمل البدل نہیں ، قرآن میں اللہ پاک نے والدین کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے ۔ نعت خواں قاری شاہد محمود قادری نے حضور نبی کریمﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔اس موقع پر درود وسلام سے فضا گونجتی رہی۔ عظیم الشان محفل پاک میں بارسلونا سے مرد و خواتین سمیت بچوں نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر خواتین میں قرآن پاک بھی تقسیم کیے گئے، آخر میں علامہ صاحبزادہ پیر سید حسنات احمد بخاری نے عالم اسلام کے اتحاد، اسپین اور پاکستان کی ترقی کیلئے دعائے خیر کی ۔
یورپ سے سے مزید