پاکستان والی بال فیڈریشن اور معروف ادارے اینگرو کیمکل کے درمیان ملک میں اس کھیل کی ترقی کے لئے شراکت داری کا معاہدہ ہوگیا ہے، جس کواینگرو والی بال ڈویلپمنٹ پروگرام کا نام دیا گیا، لاہور میں منگل کو ہونے والی تقریب میں دستخطی تقریب پی وی ایف کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب، پی وی ایف کے صدر چوہدری افتخار احمد ، سی ای او غیاث خان موجود تھے۔
اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں جونیئر کھلاڑیوں کی تلاش کے ٹرائلزلئے جائیں گے، ان کی ٹریننگ کے لئے تر بیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا، غیر ملکی کوچ کی تقرری اور اکیڈمی کا قیام بھی اس پروگرام کا حصہ ہوں گے، ملک کے مختلف مقامات پر علاقائی تربیتی کیمپ بھی لگائے جائیں گے تاکہ مقامی ٹیلنٹ کو تیار کرنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسپانسر کے نمائندے نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ہم پاکستان والی بال فیڈریزشن کے ساتھ پاکستان کی قومی ٹیم کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں، ہمارا مشترکہ خواب ہے کہ پاکستانی ٹیم کو ایشیا سے بتدریج عالمی سطح پر لے کر لاس اینجلس میں ہونے والے ورلڈ اولمپکس 2028 میں شامل کیا جائے۔
چوہدری یعقوب نے کہا کہ اسپانسر نےہمیشہ پاکستان کے مستقبل کے ستاروں کی پرورش کے لیے ایسے اقدامات کی حمایت کی ہے،والی بال کو اور زیادہ مقبول بنانے اور اسے ہر کونے میں پھیلانے کے لیے گراس روٹ لیول پر ترقی دینے کا منصوبہ بنایا ہے جس میں ہمیں کامیابی ہوگی۔
رواں سال اکتوبر میں پاکستان انٹر نیشنل والی بال ٹور نامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں توقع ہے کہ بھارت کی ٹیم بھی حصہ لے گی، پاکستان والی بال فیڈریشن کے مطابق ایونٹ 10سے16اکتوبر تک اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے علاوہ بھارت، ایران، قازقستان، سری لنکا، ازبکستان،آذر بائی جان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں حصہ لینگی، بھارت کے والی بال حکام نے اپنی ٹیم کو ایونٹ میں شر کت کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کھیلنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ،پاکستان والی بال فیڈریشن نے اس ایونٹ میں اپنی دو ٹیموں کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے، انٹر نیشنل ایونٹ کی میزبانی عالمی فیڈریشن نے دی ہے جس کے لئے پاکستان والی بال فیڈریشن نے حکومت سے رابطہ کرلیا۔
ان کا کہنا ہے کہ جلد ہی بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر احسان الرحمان مزاری اور پی ایس بی کے حکام سے ملاقات کر کے انہیں ٹور نامنٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئر مین چوہدری یعقوب نے جنگ کو بتایا کہ پی ایس بی کے ڈی جی نے ابتدائی طور پر ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی شر کت کے حوالے سے بھارتی حکام کا رویہ بہت مثبت ہے اور انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان والی بال سیریز کا بھی انعقاد کیا جانا چاہئے، ہم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ پاکستان کے ایونٹ میں ان کے کھلاڑیوں کو ویزے کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔