گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو تلقین کی ہے کہ وہ جس ملک میں بھی رہ رہے ہیں اس کی ترقی و کامیابی کے لیے زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور کردار ادا کریں اور ساتھ ہی اس ملک کی مقامی سیاست کے تمام میدانوں میں حصہ لے کر اقتدار کے ایوانوں میں آگے بڑھیں، اس سے نہ صرف وہ مقامی کمیونٹی بلکہ اپنے آبائی ملک پاکستان کی بھی بہتر طور پر خدمت کرسکیں گے۔ گلاسگو میں ممتاز کاروباری شخصیت سہیل ڈگلس کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جب1997ء میں، میں برٹش پارلیمنٹ کا پہلا مسلم اور پاکستان نژاد ممبر بنا تو اس وقت پاکستان کے لیے برطانوی امداد صرف20ملین پونڈ تھی، میں نے اپنے دیگر دوستوں کے ہمراہ مل کر اعلیٰ ترین سطح پر پاکستان کے مسائل اجاگر کیے جس میں ہمیں زبردست کامیابی ملی اور2010ء میں یہ گرانٹ بڑھ کر4سو ملین پونڈ پر چلی گئی۔ چوہدری محمد سرور نے مزید بتایا کہ جی ایس پی پلس کے سلسلہ میں2سو سے زیادہ ممبران یورپی پارلیمنٹ سے ملا تمام برٹش پارٹیوں کے ممبران پارلیمنٹ نے غیر معمولی طور پر اکٹھے ہوکر پاکستان کی حمایت کی جس سے پاکستان کو گزشتہ8برسوں میں20مین ڈالر سے زیادہ فائدہ پہنچا، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی بہتری کے لیے ان کاموں کو انجام دینے کی سعادت مجھے بخشی ہے، چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ میں برطانیہ میں تمام تر سہولتوں کو چھوڑ کر صرف اس وجہ سے پاکستان گیا تھا تاکہ یہاں سے حاصل کردہ تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کی کوئی خدمت کرسکوں، مجھے خوشی ہے کہ میں نے وہاں1122کی ریسکیو سروسز کے لیے اسٹرکچر بنانے میں بھرپور کام کیا، اس تنظیم کے تمام آفیسرز کی ٹریننگ گلاسگو میں ہوئی اور اب یہ ادارہ وہاں کے عوام کی خدمت کررہا ہے، میں نے وہاں پنجاب اوورسیز کمیشن بنانے میں اہم کردار ادا کیا جس سے لوگوں کو اربوں پونڈ واپس دلائے، پنجاب آب اتھارٹی قائم کی جس نے دیگراین جی اوز کے ساتھ مل کر ڈیڑھ کروڑ افراد کو صاف پانی مہیا کیا ہے۔ چوہدری محمد سرور نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت کی اور کہا کہ نریندری مودی کی حکومت نے نہ صرف مسلمانوں بلکہ دیگر تمام اقلیتوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ ممتاز کشمیری رہنما یٰسین ملک کو دوبار عمرقید کی سزا دینے کو انہوں نے انصاف کا خون قرار دیا اور کہا کہ وہ یٰسین ملک کی رہائی کے لیے پوری دنیا میں ایک زبردست مہم چلا رہے ہیں، میں نے اس سلسلہ میں پاکستان میں ایک آل پارٹی کانفرنس بلائی، مجھے خوشی ہے کہ اس میں تمام پارٹیوں نے اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شرکت کی۔ چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ وہ جلد ہی لندن میں یٰسین ملک کی رہائی کے لیے ایک عالمی مہم شروع کررہے ہیں اور ہم اس مسئلے کو دنیا بھر میں ہر ممکنہ پلیٹ فارم پر اٹھائیں گے۔ اسکاٹ لینڈ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت ملک غلام ربانی نے چوہدری محمد سرور کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے برٹش پارلیمنٹ کا پہلا پاکستان نژاد اور مسلم ممبر منتخب ہوکر ایک تاریخ رقم کی اور برٹش پارلیمنٹ میں پہلی بار قرآن پاک پر حلف اٹھایا، انہوں نے پاکستانیوں اور مسلمانوں کے لیے اعلیٰ برطانوی اداروں میں داخلے کا راستہ کھولا اور آج اللہ کی مہربانی سے ہمارے بے شمار ممبران پارلیمنٹ ہیں۔ تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے سید ناصر جعفری نے کہا کہ نہ صرف اسکاٹ لینڈ بلکہ پورے برطانیہ کے مسلمانوں کو چوہدری سرور کی خدمات پر فخر ہے، جب ہم دنیا کے کسی بھی شہر میں جاکر گلاسگو کا ذکر کرتے ہیں تو لوگ سب سے پہلے چوہدری سرور کے متعلق بات کرتے ہیں۔ تقریب کے میزبان سہیل ڈگلس نے کہا کہ بیرون ملک دنیا بھر میں تقریباً90لاکھ پاکستانی آباد ہیں لیکن چوہدری سرور جتنی عوامی خدمات کسی دوسرے کے حصے میں نہیں آئیں۔ تقریب میں تلاوت کلام پاک ادا کرنے کی سعادت چوہدری صابر علی کو ملی۔