• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت نیچے جائے گی تو کیا نیوٹرلز کا نقصان نہیں، پاکستان ان کا بھی ہے، عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ رجیم چینج کا نقصان صرف پاکستان کو ہے۔ ہمیں غلام بنایا جا رہا ہے۔ جیسا ابھی چل رہا ہے ویسا چلتا رہا تو پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں۔

کون سی ایسی قیامت آگئی تھی کہ ہماری حکومت کو بیرونی سازش کے تحت ہٹایا گیا۔جو کہتے ہیں ہم نیوٹرلز ہو کر پیچھے ہو گئے کیا یہ ان کا پاکستان نہیں؟ معیشت نیچے جائے گی تو کیا نیوٹرلز کیلئے نقصان نہیں ہو گا؟ جن لوگوں کو ہم پر مسلط کیا گیا ان کا پاکستان میں کیا مفاد ہے؟ کرپشن کر کے باہر بھاگنے والے این آر او لے کر واپس آنا چاہتے ہیں.

علاوہ ازیں راولپنڈی سے پریڈ گرائونڈ تک ریلی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام آج پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج میں شامل ہوں،گزشتہ روز اسلام آباد پالیسی انسٹی ٹیوٹ میں ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ ہماری حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کی اہل نہیں۔

اب دو مہینے میں اتنی مہنگائی ہو گئی ہے جتنی ہمارے ساڑھے تین سال میں نہیں تھی۔ جو قیمت اس وقت قوم مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کی صورت میں ادا کر رہی ہے اس کا ذمہ دار کون ہے؟ سب کو خوف ہے کہ ہماری معیشت سری لنکا کے حالات کی طرف جارہی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو سب سے بڑا مسئلہ نیشنل سیکورٹی کیلئے ہو گا۔ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان میں بیسز مل جائیں اور پاکستان کو اپنے فائدے کیلئے استعمال کریں۔

کیا ہمارے ملک میں لوگوں کو خوف نہیں؟ ان لوگوں کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے جن کا پاکستان میں کوئی مفاد نہیں ،آج راولپنڈی سے پریڈ گراونڈ تک ریلی کی قیادت کروں گا۔ امریکی سازش کے تحت عوام پر مسلط کی گئی امپورٹڈ حکومت عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے.

سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے ، بجلی کی بے تحاشا لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے لگام اضافے کے بوجھ تلے عوام کو کچلنے والی امپورٹڈ حکومت کے خلاف ریلی کی قیادت کروں گا.

 حکمرانوں نے عوام کیلئے مہنگائی کا طوفان برپا کرتے ہوئے 1100 ارب کی کرپشن کے مقدمات معاف کر کے خود کو این آر او 2 دیا، عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تحریک انصاف کے احتجاج میں شامل ہوں۔ انشا اللہ پریڈ گراونڈ میں ایک تاریخی عوامی اجتماع ہو گا۔

اہم خبریں سے مزید