• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی قیمت میں نومبر سے کمی شروع ہو جائے گی، خرم دستگیر

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں نومبر سے کمی شروع ہو جائے گی.

وزیراعظم کی ہدایت پر کمیشن توانائی کے شعبہ میں بدانتظامی اور نااہلی کے معاملہ کی چھان بین کرے گا.

 سابقہ حکومت کی نااہلیبدانتظامی، سی پیک دشمنی اور نیب گردی سے توانائی کے مسائل پیدا ہوئے ہیں،پچھلے سال کے مقابلہ میں بجلی کی طلب میں 30فیصد اضافہ ہوا ہے.

 720میگاواٹ کے کروٹ پن بجلی کے منصوبے سے پیداوار شروع ہو گئی ہے، 1100میگاواٹ کا کے ٹو نیوکلیئر پاور پلانٹ 10جولائی اور 1214میگاواٹ کا شنگھائی پاور پلانٹ دسمبر تک پیداوار شروع کر دے گا.

جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018ء کی طرح ایک بار پھر ملک کو بجلی کے بحران سے نجات دلائے گی، 30جون 2022ء کو بجلی کی سب سے زیادہ 3ہزار 9میگاواٹ طلب ریکارڈ کی گئی جبکہ تخمینہ 24سے 25ہزار میگاواٹ کا تھا.

 رواں موسم گرما میں پچھلے سال کے مقابلہ میں 20فیصد زیادہ بجلی پیدا کی گئی ہے اور بجلی کی کل پیداوار 21ہزار 842 میگاواٹ ہے، بجلی کا حالیہ شارٹ فال 6ہزار میگاواٹ ہے، عمران خان کے بجلی کے حوالہ سے دعوے غلط اور جھوٹ تھے.

کورونا کی وبا کے دوران ملک میں بجلی کی طلب کم رہی، صنعتیں بھی بند رہیں، رواں سال پہلا سال ہے جب معیشت پوری طرح فعال ہے، گھریلو صارفین کیلئے لوڈ شیڈنگ ہے لیکن صنعتوں کو 24گھنٹے بجلی فراہم کرکے روزگار کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں.

 وفاقی وزیر نے کہا گردشی قرضہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں 1060ارب روپے تھا جسے سابق حکومت نے 2467 ارب روپے تک پہنچا دیا.

 عید کے دنوں میں بجلی کی صورتحال بہتر ہو گی کیونکہ صنعتیں ان دنوں بند ہوں گی تاہم 22جولائی تک بجلی کی صورتحال میں بہتری آ جائے گی، خرم دستگیر نے کہا کہ اکتوبر تک بجلی کی فی یونٹ قیمت بڑھے گی تاہم نومبر سے بجلی کی قیمت میں کمی آئے گی۔

اہم خبریں سے مزید