• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورِ جدید کے طلباء میں مطلوب ضروری خصوصیات

دورِ جدید میں پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی کے لیے صرف تعلیمی ڈگری ہی اہمیت نہیں رکھتی۔ یہی وجہ ہے کہ نئے دور کی ضروریات کے پیشِ نظر ایسے مختلف تعلیمی ماڈل تیار کیے گئے ہیں، جو طلباء کو عملی زندگی کی ضروریات کے لیے تیار کرتے ہیں۔ ایسے تعلیمی ماڈلز کا مقصد طلباءکی مجموعی شخصیت کو ان کے پروفیشنل کیریئر میں کامیابی کے لیے ایک پیکیج کے طور پر تیار کرنا ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ، حصولِ تعلیم کے دوران اچھا پڑھنے کے ساتھ ساتھ مختلف تکنیک سیکھنے کی بھی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے اساتذہ کرام کو چاہیے کہ طلبا میں ایسی بنیادی صلاحیتیں پروان چڑھائیں، جن کا انھیں پیشہ ورانہ زندگی میں فائدہ ہو۔

دورِ جدید کی معیشت کے مختلف شعبہ جات کو ایسے ماہرین کی ضرورت ہے جو روایتی صلاحیتوں کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ اختراع پسند ، موافقت پذیر، فوری سیکھنے والے اور اپنی راہ خود تلاش کرنے والے ہوں۔

ماہرین کے مطابق، آج کے طلباء میں روایتی تعلیم کے ساتھ درج ذیل مہارتیں بھی ہونی چاہئیں۔

ابلاغ کی صلاحیت

ہمارے پاس وسیع پیمانے پر ابلاغ کے ذرائع موجودہیں۔ ایک ذاتی خط لکھنے سے لےکر ذاتی بیان لکھنے یا پھر سوشل میڈیا سے لے کر ویڈیو کانفرنسنگ تک اب ہر چیز کا آنا ضروری ہے۔ آپ کے طریقہ ابلاغ یا کمیونیکیشن کی صلاحیت آپ کےبات کرنے یالکھنے کے عمل پر اثر انداز ہوتی ہے۔ ذمہ دارانہ اظہار کا طریقہ آپ کی شخصیت کی بہتر نمائندگی کرتا ہے۔

مؤثر ابلاغ کی مہارتیں زندگی کے کئی پہلوؤں میں کامیابی کی بنیاد بنتی ہیں۔ بہت سی ملازمتوں کے لیے بہترین کمیونیکیشن کی مہارتیں ضروری ہوتی ہیں اور مؤثر ابلاغ کی صلاحیت رکھنے والے افراد عام طورپر اپنے دوست احباب کے ساتھ اچھے تعلقات قائم رکھنے میں کامیاب رہتے ہیں۔

صورتِ حال کا جائزہ لینے کی صلاحیت

صورتِ حال کا جائزہ لینے کی صلاحیت یا تجزیاتی سوچ عملی طور پر انسان کو کسی بھی مسئلے سے نمٹنے کے قابل بناتی ہے۔ جب آپ تجزیاتی طور پر سوچتے ہیں تو آپ موازنہ، مخالفت، اندازہ، ترکیب اور فیصلوں کا اطلاق بغیر کسی نگران (سپروائزر) کے کرسکتے ہیں۔ اس صلاحیت کو پروان چڑھانے میں اساتذہ کو طلبا کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ عملی فیصلے کرنے میں بھی پُراعتماد ہوں۔

رہنمائی کرنے کی صلاحیت

اپنی ٹیم یا دوسروں کی رہنمائی کرنے کی صلاحیت ایک ایسی خوبی ہے جسے آج کے طلباء کے پیشہ ورانہ مستقبل کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔ یہ قائدانہ خوبی ہوتی ہے جو ایک شخص کو دوسروں سے ممتاز اور برتر بناتی ہے۔ اچھا لیڈر وہ ہوتا ہےجو دوسروں کو مشترکہ مقاصد کی طرف راغب کرے اور ان کے حصول کے لیے انھیں ترغیب دے۔ 

یہ صلاحیت تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتی ہے، وہ خود اپنی اور ٹیم ممبران کی کارکردگی کے لیے جوابدہ ہوتاہے۔ زندگی کے کسی بھی شعبے میں اپنی ٹیم کی بہتر انداز میں قیادت کرنے کے لیے آپ کو قائدانہ صلاحیتوں میں مسلسل نکھار لانا ہوگا۔

گفتار کی صلاحیت

اپنے سینئرز اور/یا جونیئرز کے سامنے بولنے کی مہارت پر عبور حاصل کرنا بھی ضروری ہے کیونکہ اچھی تقریر کرنے والے افراد تعداد میں کم ہیں۔ اساتذہ کو چاہیے کہ طلبا کو اپنے ہم جماعتوں کے سامنے بولنے کی مشق کروائیں، یہ ایک بہت ہی مناسب آغاز ہوتا ہے۔ اس سے طلبا کو اپنے خوف پر قابو پانے اور لوگوں سے بات کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

نت نئے ہنر سیکھنے کی صلاحیت

ٹیکنالوجی ہماری زندگی کے مختلف پہلوؤں کو تیز ی سےتبدیل لا رہی ہے۔ ایسے کئی ہنر ہیں جو ہر کچھ عرصہ کے بعد بیکار ہوجاتے ہیں اور ان کی جگہ نئے ہنر لے لیتے ہیں۔ وہ زمانہ گزر گیا جب ایک دفتر میں ایک شخص اپنی پوری زندگی ایک ہنر کی بنیاد پر گزار لیتا تھا اور ترقی بھی پالیتا تھا۔ آج کے پروفیشنلز میں یہ صلاحیت ہونی چاہیے کہ وہ وقت کے ساتھ پُرانے ہنر بھول کر مختصر عرصہ میں نئے ہنر سیکھنے کی استعداد رکھتے ہوں۔

تخلیقی صلاحیت

ہر کوئی کسی نہ کسی حد تک تخلیقی ہوتاہے۔ تخلیقیت کسی فرد کو کارآمد اور منفرد حل پیش کرنے میں مدد کرتی ہے۔ آپ کی یہ صلاحیت ہر شخص کو متاثر کرتی ہے۔ تخلیقی سوچ مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت سے ہم آہنگ ہوتی ہے، جس کے لیے ایک شخص کو تنقیدی پہلو سے سوچنے اور بہتر سوالات پوچھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ نیز یہ آپ کو اپنے یا دوسروں کے وژن کے مطابق چیلنجز کا سامنا اور انہیں پورا کرنے میں مدد دیتی ہے، پھر آپ کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

جذباتی ذہانت

یہ ایک معاشرتی قابلیت ہے جو کسی بھی فرد کو اپنے اور دوسروں کے جذبات پر نظر رکھنے، جانچنے اور احساس کرنے کی صلاحیت دیتی ہے۔ آپ اپنے افعال اور سوچ کی رہنمائی کے لیے جذباتی ذہانت کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ آپ کو ایک متوازن فرد بناتی ہے اور آپ اپنے بنائے ہوئے تعلقات کو برقرار رکھنے کے اہل ہوتے ہیں۔ آپ اپنی اس صلاحیت سے دوسروں کی پریشانیوں کو حل کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔

تعاون پیش کرنے کی صلاحیت

ایک بہتر کلاس روم کے ماحول میں طلبا کے درمیان تعاون کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ یہ چیز طلبا کو پیشہ ورانہ زندگی میں مدد دیتی ہے، بالخصوص جب انھیں اپنی غیرموجودگی میں یا ذاتی طورپر دوسروں کے تعاون کی ضرورت پڑجاتی ہے۔ 

ویسے بھی کسی شخص کی جذباتی اور ذہنی صحت کے لیے اس کا دوسرے لوگوں کے ساتھ تعاون اور رابطہ ضروری ہے۔ یہ صلاحیت بین الاقوامی سطح پر بھی ہمارے کام آتی ہے کیونکہ دنیا کو رہنے کے قابل بنانے کے لیے ہمارا ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر چلنا ضروری ہے۔

دورِ جدید کے طلبا کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود کو دنیا کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق تیار کریں۔ مندرجہ بالا مہارتوں پر عبور حاصل کرنے سے ہی وہ خود کو اس قابل بنا پائیں گے۔