اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (سجاس) کے تحت محکموں میں کھیلوں کی اہمیت اور قیادت بذریعہ کھیل کے موضوع پر منعقدہ نیشنل اسپورٹس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےملک کے نامور کھلاڑیوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے کھیل کے شعبے میں بہتری لانے، اداروں میں کھیل کے شعبےکی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔
سجاس کے تحت قومی اسپورٹس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےسابق قومی ہاکی کپتان اصلاح الدین، سابق ٹیسٹ کر کٹر اقبال قاسم، پاکستان اسنوکر اینڈ بلئیرڈ ایسوسی ایشن کے عالم گیر شیخ، خالد محمود، پروفیسر اعجاز فاروقی، احمد علی راجپوت،انجینئر محفو ظ الحق، ناصر اسما عیل مرزا اقبال بیگ، وحید خان ، اصغر بلوچ، اصغر عظیم، آصف خان اور دیگر نے کہا کہ اداروں نے ہر دور میں کھیلوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا، سابقہ حکومت نے کھیل کے اداروں کو بند کر کے ہزاروں کھلاڑیوں کو بے روزگار کردیا۔
سجاس کے سیکریٹری شاہد عثمان ساٹی نے ایک قرارداد پیش کی، جس کی شرکاء نے متفقہ طور پر منظوری دیدی، قرارداد کے مطابق موجودہ حکومت سابق وزیر اعظم پاکستان کے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کے خاتمے کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر محکمہ جاتی ٹیمیں بحال کرے ،نئی اسپورٹس پالیسی میں کھلاڑیوں کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جائے، کرکٹ کا سابقہ ڈومیسٹک سسٹم بحال کرنے کے ساتھ ساتھ تمام وفاقی اور صوبائی محکموں میں اسپورٹس ونگ کا قیام یقینی بنایا جائے، سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام اولمپک ڈے منایا گیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ہاکی اولمپئین حنیف خان تھے۔ نیا ناظم آباد کے خوبصورت وینیو پر منعقدہ تقریب میں احمد علی راجپوت، محفوظ الحق، امتیاز شیخ، وینا مسعود، خالد رحمانی، وسیم ہاشمی مختلف کھیلوں سے وابستہ عہدیداروں، کھلاڑیوں اور کوچز کی بڑی تعداد نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے پرچم کے ساتھ واک میں حصہ لیا۔ نسیم راجپوت نے ٹاک شو بھی پیش کیا جس میں حنیف خان، ملنگ بلوچ، فاطمہ لاکھانی، انجینئر سید محفوظ الحق اور اضغر بلوچ نے حصہ لیا جبکہ تیر اندازی، تلوار بازی، ٹینس اور سائیکلنگ کے نمائشی مقابلے بھی ہوئے۔
اسکواش کے سابق ورلڈ چیمپئین جہانگیر خان نے کہا ہے کہ کھیل قیام امن اور مفاہمت کا ایک اہم ذریعہ ہے اولمپک تحریک سے نہ صرف مختلف قومیتوں اور زبانیں بولنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پرلایا جاسکتا ہے بلکہ صحت مند طرز زندگی کی حوصلہ افزائی اور کھیل کو وسیع پیمانے پر فروغ بھی دیا جاسکتا ہے، پاکستان میں اسکواش کے سنہری دور کی واپسی کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کوگراس روٹ لیول سے اسکواش کی جدید تربیت فراہم کرکے ہی عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کئے جاسکتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اولمپک ڈے کی تقریبات کے دوسرے مرحلے میں پا کستان اولمپک انوائرمنٹ کمیشن کے تحت منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پیرا اولمپک کے اسپیشل بچوں سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، ممبر انوائرمنٹ کمیشن تہمینہ آصف کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اسپیشل کھلاڑیوں کو برابری کی بنیاد پر کھیلوں میں حصہ لینے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ چھٹا عیسیٰ لیب ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل ممبا اسکواڈ باسکٹ بال کلب نے جیت لیا، فائنل میں کراچی باسکٹ بال کلب کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی نے انعامات تقسیم کئے۔ شاندار کھیل پر کینتھ ڈیرک جانسن کو مین آف دی میچ اور سعد صلاح الدین،حسن علی اور محمد معاذ کو ابھرتے کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔