• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچلاک و پشین میں 2آئس قلفی کارخانے سیل‘ کوئٹہ میں10مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)غیر معیاری و مضر صحت خوراک کی تیاری و فروخت کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران غیر صحت بخش قلفی بنانے والے 2 کارخانے سربمہر جبکہ ایک معروف ریسٹورنٹ سمیت 10 مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔ بی ایف اے آپریشن ٹیموں نے پشین بازار اور کچلاک میں اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آئس قلفی کے 2 کارخانے سیل کردئیے ، حکام کے مطابق مذکورہ پروڈکشن یونٹس میں آلودہ پانی ، مضر صحت رنگوں ، غیرمعیاری فلیورز سے آئس قلفیاں تیار کرکے فروخت و مختلف علاقوں کو سپلائی کی جارہی تھیں ، فیکٹریوں کی مشینری زنگ آلود ، اسٹوریج کا نظام انتہائی ناقص و غیر صحت بخش پایا گیا ، ورکرز کی ذاتی صفائی اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں تھے جبکہ دونوں فیکٹریوں میں بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر غیر قانونی طور پر قلفیاں تیار کی جارہی تھیں۔ دونوں پروڈکشن یونٹس کو ابتدائی مرحلے میں سربمہر کرکے مالکان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ۔ علاوہ ازیں بی ایف اے معائنہ ٹیم نے پرنس روڈ اور سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں مراکز کی چیکنگ کے دوران ایک معروف فاسٹ فوڈ سینٹر پر کچن میں صفائی کے نامناسب انتظامات اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے ، بڑی مقدار میں گوشت کی اسٹوریج اور اشیاء منجمد کرنے کیلئے ٹوٹے ہوئے آلودہ فریزرز کے استعمال پر جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 4 نان شاپس کے خلاف پیداواری یونٹ میں صفائی کی ابتر صورتحال ، کم وزن پیڑے سے روٹی بنانے ، آلودہ برتنوں کے استعمال اور بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر کارروائی کی گئی ۔ عوامی شکایات پر بی ایف اے حکام نے بخاری گلی میزان چوک میں واقع معروف دہی کی دکان کا معائنہ کی ، دکان سے دہی کے نمونے لیکر ٹیسٹ کرنے پر انکشاف ہوا کہ دہی ملاوٹی و غیر صحت بخش دودھ سے تیار کردہ ہے ، دکان میں صفائی کے انتظامات بھی ابتر پائے گئے جبکہ دکان مالک کے پاس بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس بھی نہیں تھا جس پر دکان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ علاوہ ازیں بی ایف اے کی ایک اور معائنہ ٹیم نے سریاب روڈ اور قمبرانی روڈ میں ملاوٹی دودھ کی فروخت پر 4 ملک شاپس کو جرمانہ کیا ، جس کی وجوہات دودھ میں ملاوٹ ، ناقص صفائی اور بی ایف اے لائسنس کی عدم دستیابی بتائی گئیں۔
کوئٹہ سے مزید