• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریلوے ٹریک بحال، ٹرینوں کی آمدورفت میں گھنٹوں تاخیر

کراچی (رپورٹ۔۔۔اعجاز احمد) میٹنگ اور جھمپیر ریلوے اسٹیشنز کے درمیان ریلوے ٹریک پر پڑا شگاف پر ہونے کے بعد ٹرین کے ذریعے کراچی کا اندرون ملک رابطہ بدھ کو بحال ہوگیا، تاہم ٹرینوں کی آمد و رفت میں کئی کئی گھنٹے تاخیر رہی۔ ڈاؤن ٹریک بدھ کو سہہ پہر 3 بج کر 25 منٹ پر ٹرینوں کے لیے کھول دیا گیا، جب کہ اپ ٹریک منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہی کھول دیا گیا تھا، مگر ریلوے ٹریک پر کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کے دھرنے کے باعث ٹرینوں کی آمد ورفت میں رات دیر گئے تک تاخیر رہی، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جو کئی کئی گھنٹے مختلف اسٹیشنز پر ٹرینوں کی آمد و رفت کا انتظار کرتے رہے۔کراچی کینٹ اور سٹی اسٹیشنز پر مسافر شدید حبس زدہ برسات کے موسم میں سخت پریشان نظر آئے، جہاں ان کے بیٹھنے کے لیے معقول تعداد میں بینچیں نصب ہیں نہ بیٹھنے کا کوئی متبادل انتظام ہے، خصوصاً بچے اور خواتین بہت بے چین رہے۔ واضح رہے کہ بارش کے پانی کے تیز بہائو کے سبب میٹنگ اور جھمپير ریلوے اسٹیشنز کے درمیان منگل کو ریلوے ٹریک پر شگاف پڑنے سے ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی تھی اور کراچی کا ٹرین کے ذریعے اندرون ملک رابطہ عارضی طور کٹ گیا تھا۔ بدھ کو ڈپٹی کمشنر( ڈی سی) ٹھٹہ اور دھرنے پر بیٹھے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے کارکنوں کے کام یاب مذاکرات کے بعد ریلوے ٹریک بحال ہوگیا اور پہلی ٹرین 2ڈاؤن خیبر میل کراچی کے لیے روانہ ہوئی، جس کے بعد شالیمار ایکسپریس بھی کراچی کے لیے روانہ کی گئی،یہ دونوں ٹرینیں جمعرات کو علی الصباح کراچی پہنچیں۔ریلوے حکام کے مطابق بدھ کو کراچی کینٹ اور سٹی اسٹیشنز سے چلنے والی ٹینوں میں رحمان بابا ایکسپریس صبح 10بجے کے بجائے شام ساڑھے 7 بجے روانہ ہوئی۔ ہزارہ ایکسپریس صبح 5:50کیے بجائےرات 9:20 بجے، عوام ایکسپریس صبح 7کے بجائے رات 12 بجے، شالیمار ایکسپریس صبح 6بجےکے بجائے رات 12بجے، بولان میل شام 6بجے کے بجائے رات ساڑھے 12 بجے، فرید ایکسپریس شام ساڑھے 7بجے کے بجائے رات ڈیڑھ بجے، خیبر میل رات 10بجے کے بجائےرات ڈھائی بجے، بہاء الدین ذکریا ایکسپریس شام6 بجے کے بجائے رات3 بجے، سکھر ایکسپریس بدھ کو رات 11بجے کے بجائے جمعرات کو صبح 4بجے، پاکستان ایکسپریس دوپہر ایک بجے کے بجائے صبح 4بجے، علامہ اقبال ایکسپریس دوپہر 2بجے کے بجائے صبح ساڑھے 4بجے، ملت ایکسپریس شام 5بجے کے بجائے صبح پونے 5بجے ، تیزگام شام ساڑھے 5بجے کے بجائے صبح 5 بجے، قراقرم ایکسپریس سہہ پہر ساڑھے 3بجے کے بجائے صبح ساڑھے 5بجے، کراچی ایکسپریس سہہ پہر ساڑھے 4بجے کے بجا ئے صبح6 بجے ، سر سید ایکسپریس رات 9بجے کے بجائےصبح پونے 6بجے، پاک بزنس ایکسپریس سہہ پہر 4بجے کے بجائے صبح ساڑھے 6بجے، گرین لائن رات 10بجے کے بجائے صبح7 بجے اور شاہ حسین ایکسپریس بدھ کی شام ساڑھے 7بجے کے بجائے جمعرات کو صبح ساڑھے 7بجے روانہ ہوئیں۔
ملک بھر سے سے مزید