• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافیوں پر تشدد اور ہراساں کرنے کا نوٹس، صدر نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےصحافیوں اور میڈیا پرسن پر تشدد اورانہیں ہراساں کرنے کے بڑھتے ہوئے رحجان پرگہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے ان واقعات کا نوٹس لے لیا ہے، ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا کہ صحافیوں کیخلاف تشدد کے واقعات عدم برداشت کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں ایسے واقعات سے جمہوریت کے مستقبل اور آزا ی اظہاررائے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، آئین کا آرٹیکل 19 اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کا آرٹیکل 19آزادی اظہار رائے کی ضمانت دیتا ہے ،پاکستان میں خوف پیدا کرنے کے علاوہ ایسے واقعات بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنتے ہیں جس سے ملک کا تشخص داغدار ہوتا ہے ، صدر نے پاکستان فریڈم آف پریس انڈیکس 2022میں پاکستان کی 157ویں پوزیشن پر اظہارِ تشویش کیا اور کہاکہ مختلف بین الاقوامی تنظیموں نے اپنی رپورٹوں میں صحافیوں کو ہراساں کرنے ، دھمکیاں دینے اور جسمانی تشدد کو پاکستان کی مایوس کن پوزیشن کی بنیادی وجوہات قرار دیا ہے صدر مملکت نے خط میں صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی اور ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹوں کا بھی حوالہ دیا ، انہوں نے کہا کہ معروف صحافیوں کیخلاف کئے جانیوالے حالیہ اقدامات نے عدلیہ کی کوششوں کو نقصان پہنچایا ، جب ایک دائرہ اختیار میں ریلیف فراہم کیا جاتا ہے تو دوسرے دائرہ اختیار میں ہراساں کرنے کی نیت سے مقدمات دائر کئے جاتے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید