اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) وزیر اعظم کی مداخلت پر پنجاب میں ایکسپورٹ سیکٹر کو 50 فیصد گیس 9ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو پر بحال، حکومت نے برآمدی شعبے کے لیے بجلی کا نیا ٹیرف بھی 9 سینٹ فی یونٹ مقرر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی مداخلت کے بعدحکومت نے یکم سے 8 جولائی تک ایک ہفتے کے لیے گیس کی فراہمی کی بندش کے بعد پاکستان میں برآمدی شعبے کو 50فیصد گیس بحال کر دی ہے۔ مزید اہم بات یہ ہے کہ 9 سینٹ فی یونٹ بجلی کے ٹیرف کے ساتھ آر ایل این جی برآمدی شعبے کو 9 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔ وزارت توانائی اور تجارت کے ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ ملک میں درآمدی گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے رکی ہوئی گیس کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔ ملک بھر میں 6 سے 14 گھنٹے جاری بجلی کی بندش کی شدت کو کم کرنے کے لیے مزید بجلی کی پیداوار کے لیے مزید ایل این جی کو پاور سیکٹر کی طرف موڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جولائی کے مہینے میں حکومت نے 12 کارگوز کی طلب کے مقابلے میں صرف آٹھ ایل این جی کارگوز کا انتظام کیا جس سے 400 ایم ایم سی ایف ڈی آر ایل این جی کا خسارہ ظاہر ہوا۔ اپٹما کی انتظامیہ نے بھی گیس سپلائی کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں شروع کیں اور حکومت نے ٹیکسٹائل کیپٹیو پاور صارفین کی گیس سپلائی بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔