مظفرآباد، اسلام آباد(نمائندہ جنگ / جنگ نیوز ) سیز فائر لائن کے دونوں اطراف آزادی پسند کشمیری کمانڈر شہید برہان وانی کا چھٹا یوم شہادت یوم مزاحمت کے طور پر منایا گیا،مقبوضہ کشمیرمیں ہڑتال اوربھارت مخالف مظاہرے کیے گئے، آزاد کشمیراورپاکستان میں بھی احتجاج کیاگیا،پاسبان حریت نے مظفرآبادمیں ریلی نکالی،اسلام آبادمیں ڈی چوک تک مارچ کیاگیا،وزیراعظم شہبازشریف نےبرہان وانی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری استصواب رائے کے ذریعے تنازع کشمیرحل کرائے،کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے حریت کمانڈر برہان وانی کی برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اورمظاہرے کیےگئے،آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے،شرکاء نے بھارت مخالف نعرہ بازی کی ،دارالحکومت مظفر آباد میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بڑی عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا ، کوٹلی، راولا کوٹ او ر دیگر اضلاع میں ریلیاں بھی نکالی گئیں ،مظفرآباد ریلی میں شریک لوگوں نے بھارتی حکومت،قابض افواج اور نریندر مودی کیخلاف شدید نعرے بازی کی، 313 کشمیری نوجوانوں کے ایک منظم دستے نے پیشانیوں پر آزادی اور شہادت کے جملوں سے مزین پٹیاں باندھ کر پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچموں ، برہان مظفر وانی اور دیگر شہدائے جموں کشمیر کو سلامی پیش کی، اس موقع پر مقررین نے کہا کہ برہان وانی سمیت ہزاروں شہیدوں کے مقدس لہو کو کسی بھی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے بھارت کے غیر قانونی جبری فوجی قبضے سے آزادی تک کشمیری عوام کی مزاحمت ہر سطح پر جاری رہے گی۔ بھارت سے آزادی کشمیری عوام کا مقصد حیات ہے جسے حاصل کیے بنا جموں کشمیر کے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے، شرکاء ریلی نے برہان وانی چوک سے گھڑی پن چوک تک مارچ بھی کیا، کل جماعتی کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر یک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔