• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
عید الاضحیٰ کے خصوصی پکوان — فائل فوٹو
عید الاضحیٰ کے خصوصی پکوان — فائل فوٹو

عید الاضحیٰ کا تہوار ہو، مزیدار اور لذیز کھانے نہ ہوں تو عید کا مزہ ادھورا ہی رہتا ہے، اس لیے موقع کی مناسبت سے چند ایسے مزیدار پکوان کی تراکیب پیش کر رہے ہیں جو اس عید کے موقع پر خاص طور پر بنائے اور پسند کیے جاتے ہیں۔

1- مٹن پائے 

مٹن پایا روایتی پاکستانی پکوان ہے جسے دیسی کھانوں کے شائقین بہت پسند کرتے ہیں، اس خاص روایتی ڈش کی ترکیب وسطی ایشیاء سے مشہور ہے جسے پارسیوں نے جنوبی ایشیاء میں متعارف کروایا، مٹن پائے نے حیدر آباد، لکھنؤ اور بعد میں برِصغیر کے دیگر حصوں میں شہرت حاصل کی یعنی اس ڈش کو پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش میں یکساں مقبولیت حاصل ہے۔

مٹن پائے— فوٹو فائل
مٹن پائے— فوٹو فائل 

اجزاء:

بکرے کے پائے 4 عدد، درمیانے سائز کی پیاز 4 عدد، ٹماٹر 4 عدد، تازہ پسا ہوا ناریل 2 کھانے کے چمچ، ہری مرچیں 5 عدد، لال مرچ پاؤڈر 2 چمچ، گرم مصالحہ1 چمچ، ادرک اور لہسن کا پیسٹ  2 چمچ، دھنیا پاؤڈر 1 چمچ، پسی ہوئی کالی مرچ 6 عدد، ہلدی پاؤڈر  1/4 چائے کا چمچ، الائچی 4 عدد، لونگ 6 عدد، چھوٹے سائز کی دار چینی 2 عدد، تیز پات 1عدد، کوکنگ آئل 3 کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ اور ضرورت کے مطابق پانی۔

ترکیب:

دو پیاز لیں اور انہیں باریک کاٹ لیں، پھر ان باریک کٹی ہوئی پیاز کے ٹکڑوں کو پلیٹ میں ایک طرف رکھ دیں، اب باقی کی پیاز کو پیس لیں اور اس پیسٹ کو ایک طرف رکھ دیں اس کے بعد ہرا دھنیا، ہری مرچوں اور ناریل پیس لیں اور اس پیسٹ کو الگ پلیٹ میں ڈال  لیں، اب ٹماٹروں کی پیوری (Tomato Puree) بنا لیں، اس کے بعد اب ککّر (Cooker) میں ایک لیٹر پانی ڈال کر اس میں ہلدی پاؤڈر اور نمک ملائیں اور پھر بکرے کے پائے ڈال کر اسے بند کر دیں، تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک پکائیں، اس دوران ایک پین میں تیل ڈال کر درمیانی آنچ پر گرم کر لیں اور اس میں الائچی، لونگ، تیز پات اور دار چینی ڈال کر ہلائیں، اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈالیں اور چند سیکنڈ کے لیے بھونیں، اس کے بعد کٹی ہوئی پیاز کے ٹکڑوں کو پین میں ڈالیں اور اس وقت تک بھونیں جب تک وہ سنہری بھوری نہ ہو جائیں پھر اس میں پیاز کا پیسٹ ڈال کر اسے بھی بھون لیں، اب اس میں دھنیا پاؤڈر، گرم مصالحہ، پسی ہوئی کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر ایک منٹ کے لیے مزید بھونیں، اس کے بعد پریشر ککّر کا ڈھکن کھول لیں اور اس مکمل تیار مصالحے کو اس میں ڈال دیں اور پھر اس میں ٹماٹو پیوری (Tomato Puree) ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور ہلکی آنچ پر تقریباً 2 منٹ تک پکنے دیں، اب اس میں مرچ، ناریل کا پیسٹ، اور 500 ملی لیٹر پانی شامل کریں اور نمک چیک کر لیں، پریشر ککّر کا ڈھکن بند کر کے اسے مزید ڈیڑھ گھنٹے تک پکائیں، مٹن پائے تیار ہو جانے کے بعد ککّر ٹھنڈا ہونے پر پائے ایک الگ پیالے میں نکال لیں۔

2- مٹن نہاری

مٹن نہاری اپنی منفرد شکل اور ذائقے کی وجہ سے مشہور ہے، مٹن نہاری کو  گوشت، آٹے اور دیگر مصالحہ جات کے استعمال سے بنایا جاتا ہے۔

مٹن نہاری — فوٹو فائل
  مٹن نہاری — فوٹو فائل 

اجزاء:

مٹن 1 کلو، میدہ 2 کھانے کے چمچ، ہلدی پاؤڈر 1/2 چائے کا چمچ، دار چینی 1عدد، تیز پات دو عدد، الائچی 2 عدد، لونگ 8 عدد، گرم مصالحہ 2 کھانے کے چمچ، ادرک لہسن کا پیسٹ 2 کھانے کے چمچ، مرچ پاؤڈر 1 چمچ، دھنیا پاؤڈر 1 چمچ، دہی 3 کھانے کے چمچ، گھی یا کوکنگ آئل  1/2 کپ، جائفل چند چٹکیاں، سونف 2 کھانے کے چمچ، کالی مرچ 1/2 چائے کا چمچ، زیرہ 1/2 چائے کا چمچ، پیاز 1عدد، ہری مرچیں کٹی ہوئی 2 عدد، ادرک کی 2 پٹیاں کٹی ہوئی، ہرا دھنیا کٹا ہوا 3 کھانے کے چمچ۔

ترکیب:  

گوشت کو صاف کر لیں اور درمیانے سائز کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں، پھر ایک پین میں تیل گرم کریں اور اس میں تیز پات، لونگ، دار چینی اور ادرک لہسن کا پیسٹ ڈالیں اور اس میں گوشت ڈال کر 2 سے 3 منٹ تک بھونیں، اب اس میں لال مرچ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر، دہی، گرم مصالحہ ڈال کر تیل الگ ہونے تک بھونیں، جائفل، الائچی، باقی مصالحہ جات اور 3 کپ پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر 3 سے 4 گھنٹے تک پکائیں، آخر میں میدہ ڈالیں کر تقریباً 10 منٹ تک پکائیں اور پھر ہرے دھنیے، ادرک، پیاز اور ہری مرچ کے ساتھ  گارنش کر لیں، اب مٹن نہاری کو چپاتی، نان یا چاول کے ساتھ پیش کر سکتے ہیں۔

3- تکّہ بوٹی

اگر کچھ نیا اور مزیدار بنانے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں تو تکّہ بوٹی کی یہ ریسیپی ضرور آزمائیں، عید الاضحیٰ پر ڈنر یا لنچ میں تکّہ بوٹی بنائی جا سکتی ہے۔

تکّہ بوٹی— فوٹو فائل
تکّہ بوٹی— فوٹو فائل

اجزاء:

500 گرام چکن ہڈی کے بغیر، ادرک لہسن کا پیسٹ 2 چمچ، لال مرچ پاؤڈر 1 چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر ¼ چائے کا چمچ، کالی مرچ پاؤڈر حسب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ، تیل حسب ضرورت، دہی پھینٹا ہوا 2 یا3 کپ، لیموں کا رس 4 چمچ، تازہ دھنیا کٹا ہوا 1 کھانے کا چمچ۔

ترکیب:

ایک پیالے میں گوشت، ہلدی پاؤڈر، لال مرچ پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر کے ساتھ نمک، کالی مرچ، ادرک لہسن کا پیسٹ اور 1 کھانے کا چمچ تیل مکس کریں اور پھر اس میں دہی اور لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں، اس کے بعد اسے میں کٹا ہوا تازہ ہرا دھنیا ملائیں پھر اسے 2 گھنٹے تک میرینیٹ کرنے کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد اسے اوون میں 15 منٹ تک بیک کریں یا اچھی طرح سے چکنائی والے گرل پین میں چولہے پر اس وقت تک گِرل کرلیں جب تک کہ گوشت نرم اور اچھی طرح پک نہ جائے، اب لذیذہ تکّہ بوٹی کو سلاد کے پتوں پر پیاز، لیموں اور تازہ دھنیا چھڑک کر پیش کر سکتے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید