عمانی تجزیہ کار مصطفیٰ الشاعر اور امریکی انسانی حقوق کی تنظیم کے ڈائریکٹر ریڈ جیرار نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہدف تنقید بنالیا۔
مصطفیٰ الشاعر نے امریکی صدر کے بیان پر رد عمل میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی عمان کو دھمکی ان کے غلط اندازوں کی عکاس ہے، جیسے اُن کی پالیسیاں ایرانیوں کے خلاف جنگ میں شامل ہونے کے حوالے سے غلط اندازے پر مبنی تھیں۔
عمانی تجزیہ کار نے یہ بھی کہا کہ عمان وہ ملک ہے جس نے دہائیوں تنازعات حل کرنے میں امریکا کی مدد کی ہے۔
ریڈ جیرار نے کہا کہ کسی بھی خود مختار ملک کو تباہ کرنے کی دھمکی دینا، ’کسی مافیا کے باس‘ جیسا عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی عرب ملک کو تباہ کرنے کی دھمکی دینا، ویسی ہی غیر قانونی سوچ ہے، جس نے ایران جنگ کو جنم دیا۔
امریکی انسانی حقوق کی تنظیم کے سربراہ نے مزید کہا کہ یہ دھمکی اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ ایران جنگ بندی تب تک ہی قائم رہے گی جب تک ٹرمپ کو دوبارہ غصہ نہیں آجاتا۔