ماسکو(اے ایف پی)ایران میں سہ فریقی شام امن مذاکرات میں ایران،ترکی اورروس کے صدور شریک ہونگے،ماسکومیں روسی صدر کی سرکاری رہائش گاہ کریملن کےترجمان نے بتایاکہ پیوٹن19جولائی کو ایران کادورہ کریں گے۔روسی صدر پوٹن اور ان کے ترک ہم منصب ایردوآن کے درمیان پیرکوٹیلی فونک رابطےمیں ترک رہنما نے روسی ہم منصب پر اس بات پر زور دیا تھا کہ وہ بحیرہ اسود کے کنارے بندرگاہوں کے راستے یوکرینی زرعی اجناس کی برآمد کے لیے اقوام متحدہ کی طے کر دہ راہداری کے احترام اور اس کے محفوظ استعمال کو یقینی بنائیں۔ ترجمان کےمطابق روس، ترکی اور ایران شامی خانہ جنگی کے خاتمے کی کوششوں کے حوالے سے تین ایسی ضامن ریاستیں ہیں، جنہوں نے مل کر آستانہ میں مشترکہ سیاسی کوششوں کا آغاز کیا تھا۔اسی لیے ان تینوں ممالک کے سربراہان مملکت کے اس اجلاس میں اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ برسوں کی خونریز خانہ جنگی سے تباہ شدہ عرب ریاست شام میں قیام امن کے لیے کوششوں کو مزید آگے کیسے بڑھایا جا سکتا ہے، روس، ایران اور ترکی کی خاص بات یہ ہے کہ شام اور شامی صدر بشار الاسد سے متعلق ان تینوں ملکوں کی سوچ یکساں نہیں ہے۔ اس کے باوجود وہ مل کر مشرق وسطیٰ کی اس ریاست میں قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔