• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کے دور میں بلند و بالا عمارتوں (خواہ وہ رہائشی ہوں یا دیگر مقاصد کے لیے) کی سیکیورٹی ضروریات کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔21ویں صدی کا یہ دور ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے، جس طرح باقی شعبوں نے ترقی کی ہے، وہاں عمارتوں کی مجموعی اوراس کے اندر اپارٹمنٹس کی انفرادی سیکیورٹی کے لیے بھی بہت سے نئے آلات ایجاد ہوگئے ہیں۔ 

ان میں سب سے زیادہ مؤثر اور کارآمد ٹیکنالوجی ’سی سی ٹی وی‘ کیمروں کی ہے۔ کسی بھی بلڈنگ کی حفاظت میں ان کیمروں کا کردار بہت اہم ہے۔ عام تصور کے برعکس، سی سی ٹی وی زیادہ مہنگی ٹیکنالوجی نہیں ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ جیسےجیسے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے، دیگر ٹیکنالوجیکل آلات کی طرح سی سی ٹی وی کیمرے بھی سب کی پہنچ میں آچکے ہیں۔

سی سی ٹی وی کیمروں کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ چوروں اور ڈاکوؤں کو نفسیاتی طور پر احساس رہتا ہے کہ اس عمارت کے مکین اپنی حفاظت کے لیے سنجیدہ ہیں، اس وجہ سے اگر خدا نخواستہ آپ کی عمارت کسی چور کی نظر میں ہے، تو وہ اس سے دور رہنے میں ہی عافیت جانے گا۔ دوسرا فائدہ یہ ہے کہ، کوئی بھی شخص اگر آپ کی عمارت کی جاسوسی کرتا ہے، تو وہ اپنی شناخت ہونے کے ڈر سے کبھی بھی اس کے قریب نہیں آئے گا اور اگر وہ عمارت کے آس پاس چکر لگاتا ہے تو بھی آپ بآسانی اس کو پہچان کر پولیس میں رپورٹ کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ، کئی لوگ اپنی گاڑی صرف اس لیے گلی میں کھڑی کر دیتے ہیں کہ دوبارہ کام کے لیے نکلنا ہوتا ہے۔ بہت سے کیسز میں گاڑی چور محض چند منٹ میں گاڑی لے اُڑتے ہیں۔ اگر آپ کی بلڈنگ یا بلڈنگ کے بیرونی داخلہ گیٹ پرسی سی ٹی وی کیمرا لگا ہوا ہے تو گاڑی کی حفاظت کا80فیصد انتظام آپ نے کردیا ہے۔

جس طرح سی سی ٹی وی کیمرے بلڈنگ کے بیرونی حصے میں سیکیورٹی کے لیے اہم ہوتے ہیں، اسی طرح یہ کیمرے آپ کے اپارٹمنٹ میں بھی بہت مؤثر رہتے ہیں۔ اگر آپ گھر سے باہر ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ گھر کے ملازم آپ کی غیر موجودگی میں کیا کرتے ہیں اور کب آتے جاتے ہیں تو سی سی ٹی وی کیمرے آپ کےبہت مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ آجکل آپ بآسانی موبائل فون پر گھر کے تمام کیمروں سے براہِ راست مانیٹر کرسکتے ہیں۔ 

صرف یہی نہیں بلکہ آپ ان کو مختلف زاویوں میں گھما بھی سکتے ہیں۔ بہت سے کیسز ایسے بھی سامنے آئے ہیں کہ لوگوں کی غیر موجودگی میں گھر کے ملازم اور آیا وغیرہ کا برتاؤ چھوٹے بچوں کے ساتھ مناسب نہیں ہوتا۔ بچوں کے کمرے اور کچن وغیرہ میں اگر کیمرہ لگا ہو تو آپ بآسانی اپنے آفس وغیرہ سے اپنے ملازمین پر نگاہ رکھ سکتے ہیں۔ 

اس کے علاوہ، اگر خدا نخواستہ گھر میں کوئی چوری وغیرہ کا واقعہ ہوجاتا ہے تو اس میں ملوث افراد کو کیمروں کی مدد سے بآسانی شناخت کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان میں نادرا کے پاس اتنی ٹیکنالوجی ہے کہ وہ کسی کے بھی فوٹو کو اپنے سسٹم سے شناخت کرسکے۔

جدید ٹیکنالوجی کے باعث سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ بھی دیگر کئی سیکیورٹی سسٹمز مارکیٹ میں موجود ہیں، جنھیں آپ استعمال میں لاسکتے ہیں۔

ایسے ہی سیکیورٹی سسٹمز میں ایک سسٹم برگلر الارم ہوم سیکیورٹی سسٹم ہے، جو بلڈنگ یا آپ کے اپارٹمنٹ میں کسی بیرونی شخص یا چیز کے گھس آنے کی نشاندہی کرتا ہے اور اس کا الارم بجنا شروع کر دیتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی خوبی یہ ہے کہ یہ ایک عام شخص اور مشتبہ فرد میں، اس کی باڈی لینگویج کی بنیاد پر تفریق کرکے، فوری طور پر مالکان کو مطلع کردیتی ہے، جس سے اس شخص کو رنگے ہاتھوں پکڑنا ممکن ہوجاتا ہے۔ عمومی بات کریں تو، الارم سسٹم مختلف اقسام کے ہوتے ہیں۔ 

کچھ الارم سسٹم صرف چوروں اور مشتبہ افراد کی نشاندہی کے لیے ہوتے ہیں، جبکہ دیگر الارم سسٹم آگ لگنے اور گیس لیک ہونے کی بھی فوری اطلاع دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کے ساتھ کیمرے بھی سسٹم کا حصہ ہوتے ہیں۔ کچھ الارم سسٹم تو اس قدر جدید تیار کیے گئے ہیں اور ان میں ہائی۔اینڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے کہ جیسے ہی وہ گھر میں چوروں یا مشتبہ افراد کی سرگرمی کی نشاندہی کرتا ہے، فوری طور پر اس کا ایک مختصر پیغام (ایس ایم ایس) مالک مکان کے موبائل فون پر بھیج دیتا ہے۔

ویڈیو ڈور اِنٹرکام

آج کے جدید دور میں کالنگ بیل کی جگہ ویڈیو ڈور اِنٹرکام نے لے لی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے آپ بلڈنگ کے باہر یا ریسیپشن ایریا میں کھڑے شخص کو براہِ راست ویڈیو کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں۔ اس میں نصب مائکروفون کے ذریعے آپ باہر کھڑے شخص سے گفتگو بھی کرسکتے ہیں، جس کے بعد اگر اسے اندر بلانا ہو تو اسے اندر آنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے ایک اور جدید ورژن میں یہ خوبی بھی موجود ہے کہ وہ دروازے پر کھڑے شخص کا ریکارڈ کردہ فوٹو یا /اور ویڈیو کلپ آپ کے موبائل فون پر بھی بھیج دیتا ہے۔

سنسر سسٹم

ہوم سیکیورٹی کے لیے مختلف اقسام کے سنسر سسٹم آپ کے گھر کو بہترین سیکیورٹی فراہم کرتے ہیں۔ اس نظام کے تحت، آپ جہاں ضروری سمجھتے ہیں، وہاں سنسر سیکیورٹی سسٹم رکھ یا نصب کردیتے ہیں۔ یہ ایک کنٹرول پینل کے ساتھ جڑے ہوتےہیں، جسے آپ بلڈنگ یا گھر میں کسی مرکزی جگہ رکھتے ہیں۔

ڈور سنسر

جب کوئی شخص آپ کے گھر کے دروازے کو غلط طریقے سے کھولنے کی کوشش کرتا ہے تو اس میں نصب شدہ سنسر آپ کو فوری اس بات سے آگاہ کرتا ہے۔

سیلنگ موشن سنسرز

یہ 24/7کام کرتے ہیں اور گھر میں افراد کی موجودگی یا غیرموجودگی کا اندازہ کرسکتے ہیں، جس کی بنیاد پر یہ گھر کے بجلی کے آلات کو خود بخود آن/آف کردیتے ہیں۔ یہ گھروالوں کی غیرموجودگی میں، رات کے وقت گھر میں گھس آئے مشتبہ شخص کی نشاندہی بھی کرتے ہیں۔

تعمیرات سے مزید