دنیا بھر میں ٹرین کا سفر کرنا ہو تو ٹکٹ خریدنا پڑتا ہے مگر اسپین میں ریل گاڑی سے مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یورپی ملک اسپین میں حکومت نے مہنگائی کی شرح میں اضافے کے باعث سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو پہلے ہی 50 فیصد کم کر دیا ہے مگر اب متعدد ٹرینوں میں مفت سفر کی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے۔
حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پبلک ٹرین نیٹ ورک رینفی کی متعدد ٹرینوں میں مسافر مفت سفر کرسکیں گے، مفت سفر کی اس سہولت کا آغاز ستمبر سے ہو گا۔
اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچز نے اعلان کیا ہے کہ ٹرینوں میں لوکل اور درمیانے فاصلے کے سفر مفت ہوں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ سہولت یکم ستمبر سے 2022ء کے آخر تک عوام کو دستیاب ہو گی۔
اس سفر کے لیے ایک شرط رکھی گئی ہے کہ مسافروں کو ملٹی جرنی ٹکٹ لینا ہوگا اور ایک بار کے سفر کے ٹکٹ یا طویل فاصلے کے سفر پر یہ سہولت دستیاب نہیں ہو گی۔
اسپین کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس اقدام سے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے افراد کی شرح میں اضافہ ہو گا۔
اسپین واحد یورپی ملک نہیں جس کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کی جا رہی ہے۔
جون میں جرمنی نے 9 یورو کے ٹکٹ پر 1 ماہ تک ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ پر مفت سفر کے پروگرام کا آغاز کیا تھا جو اگست کے اختتام تک جاری رہے گا۔
رواں سال کے آخر میں آسٹریا نے کلائمٹ ٹکٹ کو متعارف کرایا تھا جو اس ملک کے اندر ہر طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، تاکہ لوگ گاڑیوں کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کریں۔
اس ٹکٹ کی سالانہ قیمت 1267 ڈالرز یا روزانہ کے ساڑھے 3 ڈالرز ہے۔