• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں 1 شخص روز 6 غیر محفوظ ویب سائٹس استعمال کرتا ہے، تحقیق

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

امریکی ادارے ون پول کی جانب سے کئے گئے سروے کے مطابق ایک امریکی انٹرنیٹ صارف اوسطاً دن میں 6 مشکوک اور غیر محفوظ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا وزٹ کرتا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 ہزار انٹرنیٹ صارفین پر مشتمل سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک باشعور صارف 6.5 بار غیر محفوظ اور مشکوک سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ویب سائٹس کا استعمال کرتا ہے۔

اس سروے میں شامل 70 فیصد صارفین سائبر سیکیورٹی کے بارے میں شعور رکھتے تھے جن میں سے صرف 39 فیصد صارفین یہ جانتے تھے کہ غیر محفوظ ویب سائٹس میل ویئر وائرس کا باعث بن سکتی ہیں۔

اے ٹی اینڈ ٹی کے نائب صدر جوش گوڈیل (Josh Goodell) نے بتایا ہے کہ انٹرنیٹ صارفین میں سے ویب براؤزنگ کے دوران 40 فیصد سے بھی کم صارفین سائبر سیکیورٹی کا خیال رکھتے ہیں، 32 فیصد سے کم صارفین نیٹ ورک کی سیکیورٹی کا خیال رکھتے ہیں، جبکہ 31 فیصد سے بھی کم صارفین موبائل ایپس اور سافٹ ویئر سیکیورٹی کا خیال رکھتے ہیں۔

سروے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سائبر سیکیورٹی کا سنگین خطرہ نامعلوم افراد کی جانب سے ای میل کا موصول ہونا ہے جو کہ ایک عام بات ہے۔

تقریباً 48 فیصد صارفین کو انجان افراد کی جانب سے ای میل موصول ہوتی ہیں جن میں انہیں مخصوص لنک پر کلک کرنے کا کہا جاتا ہے، جبکہ 47 فیصد صارفین کو ایسی ای میل موصول ہوتی ہیں جس میں انہوں نے کسی انعامی اسکیم میں بھاری رقم کے انعامات جیتے ہیں، لیکن انہوں نے ان ای میلز کو رپورٹ کرنے کی بجائے نظر انداز کر دیا۔

جوش گوڈیل کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کی جانب سے سیکیورٹی کی سروس بھی فراہم کی جاتیں ہیں، صارفین کو چاہیے کہ شناخت کی نگرانی، نقصان دہ سائٹ کو بلاک کرنا اور اینٹی وائرس اسکیننگ جیسے فیچرز کی مدد سے ممکنہ خطرات کے خلاف حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید