کویت سٹی(اے ایف پی)امیرِکویت کے صاحب زادے شیخ احمد نواف الصباح کو خلیجی ریاست کا نیا وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے۔کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح نے ایک امیری فرمان کے تحت شیخ احمد نواف الصباح کووزیراعظم کے عہدے پرنامزد کیا ہے۔وہ نگران وزیراعظم شیخ صباح الخالد کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گے۔انھوں نے مالی اصلاحات پر پارلیمان کے ساتھ اختلافات کے بعد گذشتہ سال نومبر میں کابینہ کے سربراہ کی حیثیت سے استعفا دے دیا تھا۔واضح رہے کہ شیخ مشعل نے گذشتہ سال 16نومبرکوامیرِکویت شیخ نواف الاحمد الصباح کے بیشتر فرائض اوراختیارات سنبھال لیے تھے۔امیرکویت ان کے حق میں اپنے بعض اختیارات سے دستبردار ہوگئے تھے اورانھیں قوانین اور فرامین جاری کرنے کا اختیاربھی سونپ دیا تھا۔ان کے علاوہ ملک کا نیاوزیراعظم نامزد کرنے کااختیار بھی انھیں تفویض کردیا تھا۔اس سے ایک ہفتہ پہلے کویتی وزیراعظم شیخ صباح الخالد اوران کی کابینہ نے استعفا دے دیا تھا۔البتہ شیخ صباح تب سے نگران وزیراعظم کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔واضح رہے کہ 85 سالہ شیخ نواف نے ستمبر2020 میں اپنے بھائی شیخ صباح کی وفات کے بعد کویت کی امارت سنبھالی تھی۔مرحوم شیخ صباح ایک عشرہ سے زیادہ عرصے تک کویت کےامیر رہے تھے۔