اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) اگست میں عوام پر پیٹرولیم بم گرائے جانے کا امکان، صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تخمینہ پیٹرولیم لیوی کو شامل کیے بغیر لگایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یکم اگست 2022 سے ملک کے عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10سے 17روپے فی لیٹر تک کے اضافے کا سامنا ہو سکتا ہے تاہم اضافے کا تخمینہ اوپر کی جانب صرف اس وجہ سے لگایا گیا ہے کہ شرح مبادلہ ڈانوا ڈول ہوچکی ہے۔
صنعتی ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16سے 17روپے تک اضافے کا تخمینہ پیٹرولیم لیوی (پی ایل)کو شامل کیے بغیر لگایا گیا ہے اور اگر حکومت پیٹرول پر5روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی بڑھاتی ہے تو پھر موگاس کی قیمت 15روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 23روپے فی لیٹر متوقع ہے۔