کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانا ترجیح ہے، سندھ حکومت ہر سہولت دینے کو تیار ہے، اس معاملے میں کسی قسم کی تاخیر نہیں، ہم یہ منصوبہ جلد از جلد شروع کرنا چاہتے ہیں، سندھ حکومت کی گارنٹی ہے آنے والی حکومتیں یہ منصوبہ آگے بڑھانے کی پابند ہوں گی،انہوں نے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لئے 3ہفتوں کا وقت دے دیا۔ وہ جمعہ کو یہاں سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کے سلسلے میں’’ یوٹونگ بسز چائنہ‘‘ کے کنٹری منیجر پال ژانگ( Paul Zhang ) سے دوسری ملاقات کررہے تھے جس میں مقامی پارٹنر کمپنی کے سی ای او رضا انصاری ،وائس چیئرمین ندیم ملک ،ڈائریکٹرایم کے ٹی فیصل معراج اور ریڈیو ٹرانسمیشن کمپنی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق بھی شریک تھے ۔ ملاقات میں یہاں پلانٹ لگانے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پلانٹ 15سے 18ایکڑ اراضی پر لگایا جائے گا جس میں سالانہ 500سیں تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی جب کہ یہ پلانٹ 16سے 20ماہ میں لگایا جاسکے گا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت مذکورہ پلانٹ میں سندھ بینک ، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذریعے شراکت داری کر سکتی ہے یا چائنیز کمپنی نجی شعبے سے بھی مقامی پارٹنر کا انتخاب کر سکتی ہے ، سندھ حکومت صوبے کے ہر بڑے شہر کے ٹرانسپورٹ کا نظام جدید کرنے کے لیے کوشاں ہے، پبلک ٹرانسپورٹ پلانٹ لگنے سے کم قیمت معیاری بسیں مقامی سطح پر میسر ہوں گی، عالمی بینک سے بھی بسوں سے متعلق بات چیت ہوئی ہے ، جلد شہریوں کو خوشخبری دیں گے، ہماری کوشش ہے کراچی میں ہزاروں بسیں لائیں۔