مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل)جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کے زیراہتمام ہونے والی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس میںبرطانوی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکان، نارتھ آف انگلینڈ کی درجن بھر کونسلوں کے لارڈ میئرز، میئرز، کونسلروں، خواتین تنظیموں، نوجوانوں اور کاروباری شخصیات نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اوربھرتعاون کایقین دلایا۔ کانفرنس کی صدارت تحریک کے بانی چیئرمین راجہ نجات حسین نے کی جبکہ برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے سینئر وائس چیئرمین شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین MPمہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر مانچسٹر کے مقامی ممبر پارلیمنٹ اور شیڈو وزیر ڈاکٹر افضل خان، لیبر فرینڈز آف کشمیر کے کنوینر لارڈ واجد خان آف برنلے، مانچسٹر میں پاکستانی قونصلر جنرل طارق وزیر، مانچسٹر کی لارڈ میئر کونسلر ڈونالڈ فورڈ، ڈپٹی لارڈ میئر کونسلر یاسمین ڈار، بولٹن کے میئر کونسلر اختر زمان، بری کی میئر کونسلر شاہینہ ہارون راجہ راچڈیل کے میئر کونسلر علی احمد، ایگرنگٹن کے میئر کونسلر عبدالغفار خان، ٹیم سائیڈ کی ڈپٹی میئر کونسلر تفہیم شریف، مانچسٹر کے سابق لارڈ میئر کونسلر عابد چوہان، امجد چوہدری، ڈاکٹر محمد یونس پرواز نے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی طرف سے تین سال قبل بھارتی قوانین میں تبدیلیوں کے ذریعے ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ جس طرح کشمیریوں نے ماضی میں بھارت کے جابرانہ تسلط کے باوجود تحریک آزادی کشمیر جاری رکھی ہوئی ہے اور5لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اس تحریک کی آبیاری کی ہے۔ حالیہ اقدامات کے علاوہ ہر قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ریاستی باشندے اور ان کے دوست برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ میں مسلسل اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ایوان میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند ہورہی ہے۔ اسی طرح برطانیہ کے ہر شہر اور قصبے میںیوم استحصال بناکر کشمیریوں نے بھارت کو ایک واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری حق خودارادیت اور رائے شماری کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر برطانوی پارلیمنٹ کشمیر گروپ کے تینوں عہدیداروں بیرسٹر عمران حسینMP، ڈاکٹر افضل خانMPاور لارڈ واجد خان نے برطانیہ کے دونوں ایوانوں اور لیبر پارٹی کے اندر اپنی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے تحریکی عہدیداروں خصوصاً چیئرمین راجہ نجات حسین کی مسلسل کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا اور مستقبل میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین د لایا۔ پاکستانی قونصلر جنرل طارق وزیر نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کو یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر محاذ پر کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کررہی ہے اور مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔ انہوں نے تحریکی عہدیداروں کی طرف مانچسٹر میں سب سے بڑی تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ مقامی کونسلوں کے نمائندوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا اور برطانوی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت اور پاکستان کو ایک میز پر اکٹھا کرکے کشمیری لیڈر شپ کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادہ کرے۔ اس موقع پر تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے جہاں ممبران پارلیمنٹ لارڈ میئرز، میئرز، کونسلروں اور تمام مکاتب فکر کے رہنمائوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون اور شرکت سے تحریک حق خودارادیت کی ٹیم برطانیہ بھر میں منظم انداز میں کشمیر پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے خواتین عہدیداروں کے کردار کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو یقین دلایا کہ ان کی بہنیں اور بھائی برطانیہ میں مسلسل جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے بھارتی جیلوں میں مسلسل نظر بندیوں اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے سیاستدانوں اور دیگرافرادکو خراج تحسین پیش کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈال کر تمام رہنمائوں اور کشمیری کارکنوں کی رہائی دلوانے میں کشمیریوں کی معاونت کریں۔ انہوں نے حریت لیڈر محمد یاسین ملک کے خلاف بھارتی کورٹ کی طرف سے کیے گئے فیصلے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے برطانیہ میں رہائی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں نارتھ آف انگلینڈ کے تمام شہروں سے کشمیری و پاکستانی رہنمائوں راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ سابق میئر حکومت آزاد کشمیر، سردار عبدالرحمن خان، امجد حسین مغل، کونسلر نائلہ شریف، سابق میئر آف اولڈہم کونسلر شعیب اختر، سابق میئر راچڈیل کونسلر سلطان علی، کونسلر رب نواز اکبر، کونسلر محمد الیاس، کونسلر افتخار احمد، ہیری بوٹا، خالد خالق، سابق کونسلر محمد شریف، کونسلر علی احمد، کاروباری شخصیات چوہدری مسرت علی، چوہدری انور یعقوب، سجاد حیدر کاظمی، کونسلر ماجد ڈار، ظفر اقبال ایڈووکیٹ، خواتین رہنمائوں یاسمین عالم، فاخرہ نصرت، مشعل عقیل، کومل خان، خزانہ افضل نورین شہزاد، پامیلا اشرف ملک، یوتھ کے رہنمائوں جاوید طارق، ذیشان عارف، آمنہ ڈار و دیگر رہنمائوں نے بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر محمد یونس پرسوزآواز کی تلاوت پاک سے شروع ہونے والی کانفرنس میں پاکستان اور آزاد ریاست جموں و کشمیر کے حکمرانوں اور سیاستدانوں سے اپیل کی گئی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرے۔ اقوام متحدہ کے ہر ادارے خصوصاً عالمی عدالت انصاف میں کشمیری قیدیوں اور بھارتی اقدامات کو چیلنج کرنے اور5اگست 2019ء کی تبدیلیوں پر بھی جارحانہ انداز میں اٹھانے کیلئے کوششیں تیز کریں۔ اس موقع پر تحریک کی برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار نے تمام مہمانوں، سیاست دانوں، میڈیا اور پاکستانی ہائی کمیشن لندن، برمنگھم، مانچسٹر اور بریڈ فورڈ کے تمام عہدیداروں کا بھی یوم استحصال منانے پر پوری کشمیری قوم خصوصاً جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔