اسلام آباد/کراچی (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں،اسٹاف رپورٹر )وزیر اعظم کا کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز جیتنے والوں سے ملاقات کا اعلان،صدر ،وزیر اعظم، آرمی چیف کی جانب سے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی گئی، صدر کاکہناہےکہ ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔تفصیلات کےمطابق پیر کو اپنے ٹویٹ میں صدر مملکت نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئےکہا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کامن ویلتھ گیمز کے مختلف مقابلوں میں میڈلز جیتنے والے قومی ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کے لیے ان سے ملاقات کا اعلان کر دیاہے ، شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ نوح بٹ، ارشد ندیم،شریف طاہر، زمان انور، انعام بٹ، شاہ حسین شاہ، علی اسد اور عنایت اللہ نے مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کاسر فخرسے بلند کر دیا،ان پاکستانی ایتھلیٹس نےاقوام عالم میں پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا ہے، یہ سب پوری قوم کا فخر ہیں،وزیر اعظم نے کہا کہ میں ان تمام ایتھلیٹس سے وطن واپسی پر ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرونگا، جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں، حوصلہ مت ہاریں، محنت جاری رکھیں۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ارشدندیم کی جانب سے کامن ویلتھ گیمز میں جیولن تھرو میں تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ قوم کا فخر اور ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے گئے ٹویٹ میں آرمی چیف نے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی شاندار کارکردگی سےکامن ویلتھ گیمز میں نئی تاریخ رقم کی اور نیا ریکارڈ قائم کیا۔ارشد ندیم قوم کے فخر اور ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کہا گیا کہ کامن ویلتھ گیمز میں نیزہ پھینکنے کے مقابلوں میں ارشد ندیم کا ریکارڈ پورے پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے، انجری کے باوجود سونے کا تمغہ جیت کر ارشد ندیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا بے مثال مظاہرہ کیا، نصف صدی سے زائد عرصے بعد دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستان کو گولڈ میڈل ملنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ارشد ندیم اور نوح دستگیر جیسے جوان پاکستان کے ہیرو ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی ارشد ندیم کو کامن ویلیتھ گیمز جیتنے پر مبارکباد پیش کی، کہا ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر ملک اور عوام کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔