• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گل کی گرفتاری، عمر سرفراز چیمہ کی عدالت سے نوٹس لینے کی درخواست

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے پارٹی رہنما شہباز گل کی گرفتاری پر اعلیٰ عدلیہ سے نوٹس لینے کی درخواست کردی۔ 

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ شہباز گل کو جس انداز سے گرفتار کیا گیا اس طرح دہشت گرد بھی گرفتار نہیں کیے جاتے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ شہباز گل کی گرفتاری بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اعلیٰ عدلیہ شہباز گل کی گرفتاری کا فوری نوٹس لے۔

خیال رہے کہ آج پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو گرفتار کیا تھا، ان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ تھانہ بنی گالہ میں درج ہے۔ 

پولیس نے بتایا کہ شہباز گِل کے خلاف مقدمے میں اداروں اور ان کے سربراہوں کے خلاف اکسانے سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف، زرداری گینگ عمران خان کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سیاسی طور پر یہ ویسے ہی قلعہ بند ہوگئے ہیں، یہ اسلام آباد تک محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے سیاسی عدم استحکام ہوگا، شہباز گل مجرم ہے تو یہ کام عدالتوں کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑی کے شیشے توڑے گئے، ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ایسے اقدامات کو نہ روکا گیا تو حالات کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت برملا اداروں کو گالیاں دیتی رہی ہے، کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شریف، زرداری گینگ نے اداروں کو استعمال کرنے کے نئے ہتھکنڈے نکالے ہیں، جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اسے سزا ہوگی۔

وزیرستان میں فوجی قافلے پر حملے کی مذمت اور اظہارِ افسوس

رہنما تحریک انصاف نے وزیرستان میں فوجی قافلے پر ہونے والے حملے پر افسوس کا اظہار کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں افواج پاکستان پر فخر ہے، فوج پر حملہ بزدلانہ عمل ہے۔

قومی خبریں سے مزید