• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکثر لوگوں کونیند پوری ہونے اور مناسب آرام کے باوجود بھی دن بھر تھکاوٹ اور چلنے پھرنے میں دشواری محسوس ہوتی ہے۔ یہ صورتحال گھریلو اور دفتری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے اور اس کی وجہ سے انسان کے لیے اپنے ضروری کام سرانجام دینا بھی نہایت دشوار ہوجاتا ہے۔ اگر اس صورتحال کا سامنا آپ کو بھی ہے تو، آپ کوضرورت ہے اپنے ڈائٹ چارٹ پر ایک نظر ڈالنے کی کیونکہ دن بھر لی جانے والی خوراک اور غذاؤں کی مقدار آپ کی توانائی پر اثر اندا ز ہوتی ہے۔ 

اگرچہ تمام تر غذائیں کسی نہ کسی طور انسان کی توانائی بحال کرنے کا سبب بنتی ہیں لیکن چند خاص غذائیں ایسی ہوتی ہیں، جن میں موجود مخصوص غذائی اجزاء انسان میں توانائی کی سطح بڑھاتے ہوئے ، توجہ مرکوز رکھنے کی صلاحیت بھی بڑھادیتے ہیں۔ ان مفید غذاؤں کا ذکر ذیل میں درج ہے۔

براؤن رائس

براؤن رائس غذائیت کا مجموعہ کہلاتے ہیں۔ سفید چاول کے مقابل ان میں توانائی10کیلوریز تک زیادہ پائی جاتی ہے۔ مثلاً براؤن رائس میں مینگنیز اور فاسفورس دوگنا، آئرن ڈھائی گنا، وٹامن بی 3تین گنا، وٹامن بی 1چار گنا اور وٹامن بی 6دس گنا پایا جاتا ہے۔ ایک مطالعے میں بتایا گیا کہ ایک کپ (195گرام) پکے ہوئے براؤن چاول روزانہ کی ضرورت کا 3.5گرام فائبر اور تقریبا ً88فیصد میگنیز فراہم کرتے ہیں۔ 

معدنی اجزاء، انزائم کوتوڑتے ہوئے انھیں کاربوہائیڈریٹ اور پروٹین میں تبدیل کردیتے ہیں۔ یہ تبدیلی ایک عام انسان میں زیادہ توانائی پیدا کرنے کا سبب بنتی ہے۔ ماہرین کے نزدیک اس کی اہم وجہ چاول کو لگنے والی مشین کی کم رگڑ ہے، یہی وجہ ہے کہ اس میں زیادہ طاقت ہوتی ہے۔

پانی

پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔ انسانی جسم کو بہت سے افعال درست انداز میں نبھانے اور توانائی کی سطح بڑھانے کے لیے پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ پانی کی کمی سےجسم کو ڈی ہائیڈریشن سمیت مختلف بیماریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ لہٰذا موسم کوئی بھی ہو، پانی کی مناسب مقدار کا استعمال جاری رکھنا چاہیے۔ پیاس نہ ہو تب بھی پانی پیتے رہیں کیونکہ پانی کا استعمال جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ یہ جسم میں توانائی کی سطح بڑھانے اور تھکاوٹ میں کمی کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔

کیلا

توانائی کے حصول اور سستی بھگانے کے لیے کیلا ایک سپر فوڈ ہے۔ یہ کاربوہائیڈریٹ ،پوٹاشیم اور وٹامن B6کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔ ایک مطالعے کے نتائج کے لیے ایتھیلیٹس کو 75کلومیٹر سائیکلنگ سے قبل کیلا کھلایا گیا، نتائج میں بتایا گیا کہ کیلے کا استعمال ایتھلیٹس کے جسم میں کاربوہائیڈریٹ کی سطح بڑھانے اورکارکردگی بہتر بنانے کے لیے مؤثر ثابت ہوا۔

کافی

جسم میں توانائی کی سطح بڑھانے کے خواہشمند افراد کے لیےکافی بطور مشروب بہترین ہے۔ کافی میں پائی جانے والی کیفین کی مقدارانسان کو ذہنی طور پر چوکنا بنانے کے ساتھ جسمانی توانائی بھی بڑھاتی ہے۔ کافی کا ایک کپ 2فیصد کیلوریز بڑھاتا ہے، کیلوریز کی یہ مقدار آپ کو مستعد رکھتے ہوئےتوجہ مرکوز رکھنے کی صلاحیت بھی بہتر بناتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین سستی بھگانے کے لیے دن بھر میں ایک سے 2 کپ کافی پینا سود مند تصور کرتے ہیں۔

انڈے

انڈے نہ صرف غذا ئیت بخش ہیں بلکہ انسان کو دن بھر چاق چوبند رکھنے کے لیے بطور ایندھن کام کرتے ہیں۔ انڈے میں وافر مقدار میں آئرن، پروٹین ، اینٹی آکسیڈنٹس اور لا تعداد وٹامنزپائے جاتے ہیں۔ معدنی اجزاء کی یہ مقدار توانائی کے حصول کا مستحکم اور مسلسل ذریعہ ثابت ہوتی ہے۔ دوسری جانب انڈوں میں وٹامن B2 کی قسم ریبوفلیوین بھی پائی جاتی ہے، جو جسم کا حصہ بننے والی خوراک کو ایندھن میں تبدیل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے، جس سے مختلف کام کرنے کے لیے توانائی ملتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین انڈوں کو توانائی کی سطح بڑھانے والی غذاؤں میں سے ایک قرار دیتے ہیں۔

پالک

انسانی جسم میں آئرن کی کمی سستی کا سبب بنتی ہے۔ آئرن کی کمی کے باعث خون کے موجود ریڈ سیلز کا جسم کے دیگر حصوں تک آکسیجن پہنچانے کا عمل سست ہوجاتا ہے۔ ایسی صورت میں انسان کو چاہیے کہ وہ ان غذاؤں کا استعمال زیادہ کرے، جن میں آئرن کی کثیر مقدار پائی جاتی ہو۔ اس حوالے سے پالک کا استعمال ایک بہترین انتخاب ہے۔ پالک میں موجود آئرن کے علاوہ میگنیشیم بھی جسم میں توانائی فراہم کرنے کا سبب بنتا ہے۔

کیوی

نیند کی کمی یا بے خوابی کی شکایت انسان کی بہت سی ذمہ اریوں کے سامنے رکاوٹ بن جاتی ہے۔ اگر آپ رات بھر مناسب نیند نہ لیں تو دن بھر سستی اور کاہلی محسوس کریں گے چنانچہ اس مشکل کے حل کےلیے کیوی پھل کا انتخاب کریں۔ ایک تحقیق کے مطابق سونے سے دو گھنٹے قبل 2کیوی کھائے جائیں تو یہ اچھی نیند میں مددگارثابت ہوتے ہیں۔ 

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی کا شکار افراد صبح کے اوقات میں کیوی اسموتھی یا پھر دوپہر کے کھانے میں کیوی سلاد کا استعمال شروع کردیں۔ اس طرح ان کو نیند بھی اچھی آئے گی اورکیوی میں موجود کاپر اور وٹامن سی کی کثیر مقدار دن بھر انھیں مستعد بھی رکھے گی۔

صحت سے مزید