• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کامیڈین راجو شری کی طبیعت میں کوئی بہتری نہیں آئی، اسپتال ذرائع

راجو شری واستو، فائل فوٹو
 راجو شری واستو، فائل فوٹو

کچھ روز قبل دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اسپتال منتقل ہونے والے معروف بھارتی کامیڈین راجو شری واستو کی طبیعت میں علاج کے بعد بھی کوئی بہتری نہیں آئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کامیڈین کی طبیعت میں صرف تھوڑی سی بہتری نظر آئی تھی کیونکہ ان کی بگڑتی ہوئی طبیعت پر قابو پانے کے لیے کچھ معاون دوائیں دی گئی تھیں جوکہ فی الحال روک دی گئی ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ لیکن وہ اب بھی وینٹیلیٹر پر ہی ہیں، اور ان کا دماغ علاج کا کوئی جواب نہیں دے رہا۔

اس حوالے سے راجو شری واستو کے بزنس مینیجر نے ایک بیان میں کہا کہ کامیڈین کی صحت میں زیادہ بہتری نہیں آئی ہے، اُنہیں ابھی تک ہوش نہیں آیا ہے اور ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کا دماغ کام نہیں کررہا، اس لیے کچھ وقت انتظار کرنا پڑے گا۔

بزنس مینیجر نے کامیڈین کے مداحوں سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

دوسری جانب اداکارہ سمبھاونا سیٹھ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر راجو شری واستو کی صحت کے بارے میں لکھا ہے کہ’وہ کامیڈین کی فیملی کے ساتھ رابطے میں ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ میں نے راجو جی کی اہلیہ سے بات کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اب کامیڈین کی صحت میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں‘۔

اداکارہ سمبھاونا سیٹھ نے اپنے ٹوئٹ میں اپیل کی کہ ’آئیے، سب لوگ جھوٹی خبریں پھیلانے کے بجائے کامیڈین کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں‘۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید