• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(این این آئی)امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے‘انٹر بینک میں ڈالر213جبکہ اوپن مارکیٹ میں210روپے کی سطح پر آگیا۔

سونا 4ہزار 300روپے فی تولہ سستاہوگیا ‘اسٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی ‘کے ایس ای 100انڈیکس 764 پوائنٹس اضافہ سے43000 پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔

مارکیٹ ڈالر کی قدرمیں کمی میںتیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں102ارب روپے کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں1.51روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد ڈالر215.49روپے سے گر کر213.98روپے کی سطح پر آگیا۔

اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں2.50روپے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید 208اور قیمت فروخت 210روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

برطانوی پاؤنڈکی قیمت خرید 252اور قیمت فروخت 255روپے رہی جبکہ یورو کی قیمت خرید 213اور قیمت فروخت 215.50روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ 

ادھرعالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت میں27ڈالرز کی کمی ہوئی جس کے بعد سونے کی قیمت 1775ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت 4300روپے کمی سے1لاکھ34ہزار200 اور دس گرام سونے کی قیمت3686روپے کمی سے1لاکھ15ہزار 55 روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت20روپے کمی سے1540 روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

دریں اثناءپاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز زبردست تیزی سے ہوا،کے ایس ای 100 انڈیکس 764پوائنٹس اضافہ سے43000 پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔

مارکیٹ میںتیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں102ارب روپے کا نمایاں اضافہ دیکھا گیاجس کے بعد مارکیٹ کے سرمایہ کا حجم71کھرب73ارب روپے سے بڑھ کر 72 کھرب75ارب روپے کی سطح پر جا پہنچا۔

 کے ایس ای100انڈیکس764پوائنٹس اضافہ کے بعد 42857سے بڑھ کر43621پوائنٹس پر بند ہوا،کے ایس ای30انڈیکس 252پوائنٹس اضافہ سے 16468اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 469پوائنٹس اضافہ سے 29945 پوائنٹس پر بند ہوئی۔

اہم خبریں سے مزید