• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیدرلینڈ سے پہلا ون ڈے، فخر کی سنچری، پاکستان 16 رنز سے کامیاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں نیدر لینڈ کو کئی نشیب و فراز کے بعد16 رنز سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم 8وکٹ پر298رنز بناسکی اس اسکور میں پاکستانی فیلڈنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ ہوم ٹیم کو آخری پانچ اوورز میں جیت کے لئے59رنز درکار تھے۔ پاکستان نے آخری دس اوورز میں99رنز بناکر تین سو کا ہدف عبور کیا۔ نسیم شاہ نے51 اور حارث رئوف نے 67رنزدے کر تین ،تین شکار کیے ۔وسیم اور نواز کو ایک ایک وکٹ ملی۔ڈچ کپتان اسکاٹ ایڈورڈ نے 71ناٹ آئوٹ 60گیندوں پر بنائے ۔ انہوں نے ساتویں میچ میں پانچویں نصف سنچری بنائی۔ وکرم جیت سنگھ اور ٹام کوپر نے چوتھی وکٹ پر 97رنز بناکر ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی۔ انہوں نے بالترتیب 65، 65 رنز اسکور کیے۔ نسیم شاہ نے اپنے ون ڈے ڈیبیو کی دوسری گیند پر میکس کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹ پر314رنز بنائے۔ اوپنر فخر زمان نے ون ڈے انٹر نیشنل میں ساتویں سنچری بنائی۔ انہوں نے109گیندوں پر109رنز بنائے۔ امام الحق دو رنز بناسکے۔ فخر زمان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ 168رنز کی شراکت قائم کی۔ بابراعظم نے85 گیندوں پر74رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 14 جبکہ خوشدل شاہ ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 21بنا پائے۔ شاداب خان نے اختتامی اوورز میں 28گیندوں پر 4چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 48 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 314 رنزتک پہنچایا۔ آغاسلمان نے 16 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

اسپورٹس سے مزید