• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کا الزام: جیکولین کا نام چارج شیٹ میں شامل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت کے قانون نافذ کرنے والے ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں چارج شیٹ جمع کروادی جس میں جیکولین فرنینڈس کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بھتہ خور سکیش چندر شیکھر کے خلاف بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ کے کیس میں اداکارہ جیکولین فرنینڈس بھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں۔ 

نئی دلی کی عدالت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک ضمنی چارج شیٹ جمع کروائی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سکیش چندرشیکھر نے کس طرح منی لانڈرنگ کی ہے۔ 

چندرشیکھر پر الزام عائد ہے کہ اس نے آدیتی سنگھ اور شویندر سنگھ سے 215 کروڑ بھارتی روپے بھتے کی شکل میں وصول کیے اور اسی سلسلے میں ملزمان کے خلاف تحقیقات بھی جاری ہیں۔ 

بھارتی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اپنی چارج شیٹ میں کہا کہ سکیش چندرشیکھر نے جیکولین فرنینڈس کو 5 کروڑ 71 لاکھ روپے کے تحائف دیے جو ان ملزمان نے جرائم کرتے ہوئے حاصل کیے تھے۔ 

چارچ شیٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اداکارہ نے سکیش سے یہ تحائف وصول کیے جبکہ انہیں یہ معلوم تھا کہ یہ رقم غیرقانونی طریقے سے حاصل کی گئی ہے۔

اس میں بتایا گیا کہ جیکولین فرنینڈس تک یہ تحائف پنکی ایرانی نے پہنچائے تھے جو اس کیس کی دوسری مرکزی ملزم ہیں۔ 

واضح رہے کہ مذکورہ کیس کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ پہلے ہی جیکولین فرنینڈس کی جائیداد ضبط کرچکا ہے جبکہ ان سے پوچھ گچھ بھی کی جا چکی ہے۔ 

خیال رہے کہ جیکولین فرنینڈس سری لنکن شہری ہیں جبکہ وہ 2009 سے بھارتی فلموں میں کام کر رہی ہیں۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید