گلاسگو (طاہر انعام شیخ) یوکے میں بنک آف انگلینڈ کے 20اور 50پونڈ کے کاغذی نوٹوں کی قانونی حیثیت 30ستمبر 2022ء کو ختم ہو رہی ہے، لیکن ان کو آئندہ سو دنوں کے اندر اندر تبدیل کرایا جا سکتاہے۔ پرانے کاغذی نوٹوں کو پولیمر پلاسٹک کے ساتھ تبدیل کیا جا رہا ہے۔ 50پونڈ کے نئے نوٹ پر سائنسدان ایلن ٹورنگ جبکہ 20پونڈ کے نئے نوٹ پر پیٹرجے ایم ٹرنر کی تصویر ہے۔ اگرچہ کاغذی نوٹوں کی ایک بڑی تعداد کو پہلے ہی تبدیل کیا جا چکا ہے لیکن مارکیٹ میں ابھی تک 6 بلین پونڈ مالیت کے 20پونڈ والے ایسے نوٹ بدستور گردش میں ہیں جن پر مشہور سکاٹش اکانومسٹ آدم سمتھ کی تصویر ہے 8بلین پونٹ مالیت کے 50پونڈ کے ایسے نوٹ موجود ہیں جن پر انجینئرز بولٹن اینڈ واٹ کی تصاویر ہیں۔ بینک آف انگلینڈ کی چیف کیشئر سارہ جان نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ہم نے ایک بڑی تبدیلی کرتے ہوئے کاغذی نوٹوں کو پولیمر کے نوٹوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ ایک تو نئے نوٹ زیادہ پائیدار ہیں دوسرے ان کی جعلی نقل تیار کرنا بھی خاصا مشکل ہے۔ بینک آف انگلینڈ نے لوگوں کو تلقین کی ہے کہ وہ اپنے پرانے نوٹوں کو کسی بینک یا پوسٹ آفس میںجمع کروا دیں۔