• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے پر چھاپہ، اسلحہ و سٹیلائٹ فون برآمد


پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے زیر استعمال کمرے پر چھاپہ مارا گیا ہے، پولیس پارٹی اپنے ہمراہ شہباز گل کو بھی ساتھ  لائی تھی، انہیں ہتھکڑی لگی ہوئی تھی۔

اسلام آباد پولیس نے  ایس ایس پی کی سربراہی میں پارلیمنٹ لاجز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کےکمرے پر چھاپا مارا۔

چھاپے کےدوران کمرے سے ایک پستول ملا ہے، موبائل فون بھی ملے ہیں، شہبازگل کی رہائش گاہ سے ایک سیٹلائٹ فون بھی ملا ہے، جبکہ ان کے 2 پاسپورٹ بھی برآمد کیے گئے۔

ان کے کمرے سے پرس بھی برآمد ہوا ہے، چھاپے کے دوران ملنے والی اشیاء کی لسٹ بھی بنائی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے شہباز گل کا نجی ٹی وی پر پڑھا گیا اسکرپٹ برآمد کرنا ہے۔

شہباز گل پارلیمنٹ لاجز کے کمرہ نمبر ایف 206 میں رہائش پذیر تھے، ان کے کمرے کی الماری میں مہنگے سوٹ بھی رکھے ہوئے تھے۔

 پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا کہ کمرے سے ملنے والا میرا پرس ڈرائیور کے پاس ہوتا تھا۔

شہباز گل نے پستول کو اپنے ہاتھ میں لینے کے بعد اسے الٹ پلٹ کر دیکھا جس کے بعد انہوں نے اسے اپنا ماننے سے انکار کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میرے پاس اے کے 47 ہے، جس کا لائسنس بھی موجود ہے۔

شہباز گل نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پستول میرا نہیں ہے، جبکہ یہ کمرہ بھی میرے زیر استعمال نہیں ہے۔

پی ٹی آئی  رہنما نے کہا کہ یہ کمرہ میرے گارڈز کے زیر استعمال ہے، یہ پستول بھی ان ہی کا ہوگا۔

شہباز گل سے سوال کیا گیا کہ کیا ان پر جنسی تشدد کیا گیا ہے؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جی ہاں مجھ پر جنسی حملہ ہوا ہے۔

کچھ دیر پارلیمنٹ لاجز میں رہنے کے بعد پولیس شہباز گل کو لےکر پنجاب ہاؤس چلی گئی، جہاں ان کے زیر استعمال کمرے کی بھی تلاشی لی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید