کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کی صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس ، چوہدری شجاعت کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار ،جنرل کونسل کے انتخابات بھی مکمل ، 115 ارکان بلامقابلہ منتخب ہوگئے ۔ پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کی صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں ہوا جس کی صدارت نصیر احمد باچا نے کی جبکہ مہمان خصوصی پارٹی کے مرکزی رہنما و سیکرٹری آرگنائزنگ غلام مصطفیٰ ملک تھے ، اجلاس میں انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے الیکشن کمشنر لالہ جان ، ارکان رزاق لغاری ، برات جان ، حافظ عقیل اور عظام جاوید پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی جبکہ انتخابی شکایات کے لیے شمس کاکڑ ، کمانڈر کلیم اللہ اور جہانگیر شاہ پر مشتمل الیکشن ٹربیونل تشکیل دیا گیا ، انتخابات میں حصہ لینے کے لئے 123 ممبران نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے تین امیدواروں پر کونسل کے ارکان نے اعتراض کیا جس پر الیکشن ٹربیونل نے دو امیدواروں کے کاغذات مسترد اور ایک کی اپیل سن کر انتخاب کے لیے اہل قرار دیا ، انتخابات سے قبل 6 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے جس کے بعد 115 ممبران بلامقابلہ منتخب ہوگئے جس کا باقاعدہ اعلان الیکشن کمشنر نے کیا ، اجلاس میں شہدائے لسبیلہ کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا،متاثرین سیلاب سے دلی ہمدردی کا اظہار اور جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ریلیف اور امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائے ۔ پارٹی کے مرکزی رہنماء غلام مصطفی ملک نے نومنتخب ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کےانتخاب سے جماعت مزید مضبوط ہوگی ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے چوہدری شجاعت حسین کا بہت گہرا رشتہ ہے صوبے کی تعمیر و ترقی میں ان کی ہمیشہ دلچسپی شامل رہی ہے۔ یہاں کے پارٹی ورکرزسے ہمارا پیار کا رشتہ ہے ، بلوچستان کا ہر کارکن اور رہنما ہمارے لیے بہت قابل احترام ہے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ کو صوبہ میں مضبوط جماعت بنانا رہنمائوں و کارکنوں کی ذمہ داری ہے ۔قائم مقام صدر نصیر احمد باچا نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کبھی دوستوں کو نہیں چھوڑتے،چوہدری شجاعت پاکستانی سیاست کا سرمایہ ہیں ، وہ سچے اور محب وطن لیڈر ہیں جو اپنی ذات کا نہیں ریاست کا سوچتے ہیں ، ان کی بلوچستان کے لیے بہت خدمات ہیں پارٹی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی ، آج پارٹی اقتدار میں نہیں لیکن پھر بھی لوگ پارٹی کے ساتھ ہیں ، نوجوان پارٹی کا سرمایہ ہیں ، مجھے کارکنوں کا جوش دیکھ کر لگتا ہے کہ پارٹی مزید مضبوط ہوگی پارٹی کو بلوچستان میں بڑی قوت بنائیں گے ۔اجلاس میں پارٹی کے صوبائی رہنما ملک شیر احمد شاہوانی نے مسلم لیگ بلوچستان کی جانب سے قرارداد پیش کی جس میں چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد و ان سے یکجتہی کا اظہار اور ان کے فیصلوں کی مکمل حمایت کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں بلوچستان میں پارٹی کو ہر سطح پر متحرک کیا جائے گا۔ناراض اور خاموش دوستوں سے رابطے کیے جائیں گے اور پارٹی کو ہر سطح پر منظم کیا جائے گا ۔