• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا بجلی بلوں سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان، 1.71 کروڑ صارفین کو فائدہ ہوگا

دوحہ(اے پی پی‘جنگ نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کے بلوں میں تاجروں پر فکس ٹیکس، ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین اور تین لاکھ ٹیوب ویلز کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق حکومت کی نااہلی سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا، اتحادی حکومت کی پرخلوص کاوشوں اور محنت سے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے، مہنگائی پر قابو پانے میں جلد کامیاب ہو جائیں گے‘آئی ایم ایف سے مشاورت کے بعد عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، پچھلی حکومت کی چار سال کی نااہلی کا چار ماہ میں جواب کیسے دے سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قطر پہنچنے پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ادھر نیپراحکام کا کہنا ہے کہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کے خاتمے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔واضح رہے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں ماہ جون کیلئے تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی 9روپے 90پیسے جبکہ کےالیکٹرک کو 11روپے 10پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی تھی ۔اپنی گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت مہنگائی کم کرنے کیلئے دن رات کوشش کر رہی ہے اگرچہ اس میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی لیکن دن رات کوشاں ہیں اور مہنگائی کے جن کو بھی بوتل میں بند کر دیا جائے گا، ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں‘چھوٹے تاجروں پر فکس ٹیکس کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے جو اس کی مکمل تحقیقات کرے گی، تاجروں پر 3 ہزار، 6 ہزار اور 10 ہزار کی شرح سے فکس ٹیکس عائد کیا گیا تھا، یہ اب ختم کر دیا گیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، فکس ٹیکس کے خاتمہ سے 42 ارب روپے کا خسارہ ہو گا لیکن یہ دیگر وسائل سے پورا کیا جائے گا‘ نواز شریف اور اتحادی جماعتوں کے قائدین کی مشاورت سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی ختم کر دی گئی ہے‘بجلی کے تین کروڑ صارفین میں سے ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کر دیئے گئے ہیں، باقی ایک کروڑ 30 لاکھ صارفین جن میں صاحب ثروت لوگ شامل ہیں، ان کو بھی ریلیف دینے پر غور کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ رونے دھونے سے کچھ نہیں ہو گا، عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، خلوص اور استقامت سے محنت کرنا پڑے گی اور اپنا خون، پسینہ بہانا پڑے گا تو اللہ تعالی ہمارے دن پھیر دے گا اور اچھے دن آئیں گے، دن رات ایک کرکے پاکستان کی تقدید بدلیں گے۔انہوں نے کہا کہ تین لاکھ ٹیوب ویلوں کو بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے، انہیں بھی کوئی ادائیگی نہیں کرنا پڑے گی۔

اہم خبریں سے مزید