• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری محمد سرور نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے چیرٹی اپیل لانچ کردی

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور جو مختلف چیرٹی تنظیموں سرور فائونڈیشن، گرینڈ اوورسیز کلب اور پنجاب ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے سربراہ بھی ہیں، نے تینوں تنظیموں کی طرف سے پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب میں گھرے افراد کے لیے چیرٹی اپیل لانچ کی ہے جس کا ابتدائی ٹارگٹ تین ملین پونڈ کی لاگت سے ایک لاکھ خاندانوں کو ایک ماہ کا راشن مہیا کرنا ہے۔ یہ رقم تقریباً80کروڑ پاکستانی روپوں کے برابر بنتی ہے۔اس موقع پر سب سے پہلے انہوں نے سرور فائونڈیشن کی طرف سے6افراد پر مشتمل5ہزار خاندانوں کے لیے ایک، ایک ماہ کا راشن دینے کا اعلان کیا جب کہ ان کی اپیل پر دیگر مخیر حضرات نے27ہزار خاندانوں کے لیے مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بیگ پورے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ تمام صوبوں اور علاقوں میں پہنچائے جائیں گے چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر ایک جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً تین کروڑ افراد اس سیلاب سے برباد ہوکر رہ گئے ہیں، ان کے مال اور مویشی سب پانی میں بہہ گئے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن کی صحیح تعداد کا اندازہ لگانا نہایت مشکل کام ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے یہ قیامت کا سماں ہے۔ ایسے افراد جن کو اللہ تعالیٰ نے وسائل سے نوازا ہے، فوراً آگے بڑھیں اور اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔ ایک ماہ کا ایک خاندان کا خرچ صرف30پونڈ ہے جوکہ صرف ایک پونڈ روزانہ بنتا ہے۔ چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ ان کی بعض تنظیموں نے سیلاب کے آتے ہی بعض مقامات پر فوراً امدادی کارروائیاں شروع کردی تھیں لیکن تباہی اس قدر زیادہ ہے کہ ہمیں فوری طور پر مزید متحرک ہونا ہوگا۔ 

یورپ سے سے مزید