• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کشمیر میں غیر ریاستی باشندوں کی آباد کاری روکے، چوہدری عبدالرشید

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ)کشمیری رہنما اور سابق کونسلر چوہدری عبدالرشید نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی باشندوں کو جس تیزی سے آباد کررہا ہے یہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ بھارت کشمیر میں غیر ریاستی باشندوں کی آباد کاری روکےاور اقوام متحدہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری عبد الرشید نے کہا کہ پاکستان کے احتجاج کے باوجود بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ وہاں غیر ریاستی باشندوں کو مسلسل آباد کر رہا ہے ۔ بھارت پاکستان کے اندرونی حالات سے ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے ۔ چوہدری عبد الرشید نے کہا کشمیری عوام کی نئی نسل مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اہمیت رکھتی ہے، بیرون ملک ہمارے انتہائی تعلیم یافتہ لوگ موجود ہیں وہ اپنا مقدمہ خود عالمی عدالت انصاف میں لے جاسکتے ہیں۔ پاکستان ہماری رہنمائی کرے۔ چوہدری عبد الرشید نے مزید کہا کہ یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے بھارت جس تیزی سے ریاست کے اندر غیر ریاستی باشندوں کو آباد کر رہا ہے اس سے کشمیری عوام کا مطالبہ حق خودارادیت بے معنی ہوکر رہ جائے گا ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندو وزیر اعلیٰ لانے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دفعہ 35اے اور 370کو ختم کرنے کے بعد شملہ معاہدہ بھی ختم کر دیا ہے، موجودہ صورت حال کا تقاضا ہے کہ اقوام متحدہ کے اجلاس سے قبل کشمیری قیادت کی پاکستان کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس ضروری ہے۔ چوہدری عبد الرشید نے میر پور میں ڈرائی پورٹ منصوبے کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کو روزگار ملے گا ۔ بیرون ملک کشمیری عوام ریاست کے اندر سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں ۔ ڈرائی پورٹ منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے بیرون ملک یورپ اور مڈل ایسٹ تک وسیع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ریاست کی تعمیر وترقی کیلئے ہمیشہ مثبت اقدامات کیے ہیں ۔ انہوں نے میرپور ایئر پورٹ کی جلد تعمیر اور آزاد کشمیر میں ریلوے لائن بچھانے اور گیس پائپ لائن منصوبے کے اعلانات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کا نیا دور شروع ہو سکتا ہے۔
یورپ سے سے مزید