پاکستان میوزِک انڈسٹری کے معروف گلوکار امانت علی کو کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے پاکستان میں آئے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے بارے میں گفتگو کرنے کے لیے دعوت موصول ہوئی۔
امانت علی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جسٹن ٹروڈو کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کینیڈین پارلیمنٹ کی طرف سے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو پاکستان کی فلاح و بہبود اور ملک میں جاری سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سننے کے لیے مدعو کیا جانا اعزاز کی بات ہے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اللّٰہ میرے ملک پاکستان کو ہر قسم کی قدرتی آفات سے ہمیشہ محفوظ رکھے، آمین‘۔
گلوکار امانت علی نے کچھ دن پہلے ہی سیلاب کی تباہ کاری کے حوالے سے ایک دعا ’بے کس پے کرم کیجیے‘بھی پڑھی ہے۔
خیال رہے کہ عالمی رہنماؤں اور دنیا کی معروف شخصیات کی جانب سے پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے اور سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی دعائیں کی جارہی ہیں۔