بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم نے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں عالمی شہرت یافتہ حریت رہنما سید علی گیلانی شہید کو خصوصی طورپر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کی صدارت راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ سابق مشیر برائے وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر نے کی۔ اجلاس میں سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق، راجہ مہربان حسین چیئرمین اُمید ویلفیئر ٹرسٹ برطانیہ، چوہدری آصف علی ڈی سی، پی ٹی آئی کے چوہدری شیراز پی ٹی آئی، چوہدری ارشد حسین پوٹھی، محمد رفیق سہگل، راجہ اشتیاق احمد، محمد اسلم چوہدری، حاجی محمد یونس، حاجی ممتاز حسین، چوہدری محمد عجائب، راجہ مقصود، حاجی محمد اسلم، راشد حسین، حاجی کرامت حسین، حاجی شوکت علی، ہیری بوٹا، فضل الرحمان،میکائیل حسین اور دیگر کمیونٹی رہنماؤں نے بریڈ فورڈ، اولڈھم اور ڈربی سے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسی طرح کی تقریبات برطانیہ کے شہروں اولڈھم، ڈربی، برمنگھم، لندن اور مانچسٹر میں بھی منعقد کی جائیں گی جس کے لئے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ مقررین نے کہا کہ بیرون ممالک بسنے والے تمام کشمیری شہید حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سید علی گیلانی اور دیگرشہدائے کشمیر کے مشن کی تکمیل تک پوری دنیا میں تحریک آزادی کشمیر جاری رہے گی۔ آزادی کی تحریکیں قیادت کو کارکنوں کو، رہنماؤں کو شہید کرنے سے ختم نہیں ہو سکتیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں جتنے زیادہ کشمیری رہنماؤں، کارکنوں، نوجوانوں اور خواتین کو شہید کیا ہے اس سے تحریک آزادی میں کمی واقع نہیں ہوئی بلکہ لاکھوں کی تعداد میں کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر کو تقویت دے کر زندہ رکھا ہوا ہے اور پوری دنیا میں کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی دلوانے کی تحریکوں نے زور پکڑ لیا ہے۔ بھارت سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے آج تک اپنے ظالمانہ اور جابرانہ ہتھکنڈوں کے زریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکا۔ ریاست جموں وکشمیر کی تحریک آزادی میں لاکھوں کشمیریوں کا خون شامل ہو چکا ہے۔ کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو بھارتی افواج، بھارتی حکومت اور ہندوتوا سوچ اور آر ایس ایس کے غنڈے اپنے ظلم اور جبر سے کبھی بھی ختم نہیں کر سکیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں جس طرح کےبھی حالات ہوں بیرون ممالک بسنے والے کشمیری اور پاکستانی تحریک آزادی کشمیر کو جاری رکھیں گے اورجب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے آزادی نہیں مل جاتی اس وقت تک اوورسیزکشمیری اور اوورسیز پاکستانی اپنی سیاسی، سفارتی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے تمام عہدیداران برطانیہ بھر میں سید علی گیلانی شہید اور دیگر شہدائے کشمیر کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ بھی خصوصی رابطے کئے جائیں گے تا کہ سید علی گیلانی شہید کے جسد خاکی کوباضابطہ طور پر مقبوضہ کشمیر کے خصوصی کشمیری شہدا کے قبرستان میں دفن کیا جا سکے۔ اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہمارے لئے یہ دن تجد ید عہد کا دن ہے اور یوم مزاحمت کا دن بھی ہے اورہم اوورسیز کشمیری بیرون ممالک بیٹھ کر بھی مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور اپنے کشمیری رہنماؤں کےتحفظ کے لئے سفارتی محاذ پر اپنی جدو جہد رکھے ہوئے ہیں۔ ہمارا مشن ریاست جموں وکشمیر کی مکمل آزادی اور پوری ریاست جموں وکشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر تکمیل پاکستان کرنا ہے۔ ہماری جدو جہداس وقت تک جاری رہے گی جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی نہیں دیتا۔ ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے تحریک آزادی کشمیر کا آغاز 1931 میں کیا تھا اور اب تک لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ بیرون ممالک بسنے والےکشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو پوری دنیا میں بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند رہیں اور وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے اورتسلط کو مسترد کرتے رہیں اور سید علی گیلانی شہید کی طرح ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے“ کےجذبے اور ولولے کے ساتھ اپنی آوازبلند کرتے رہیں اور تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھیں۔ اس موقع پر بریڈفورڈ اور گرد و نواح میں مقیم کشمیریوں نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی جیلوں میں قید کشمیریوں کی رہائی کے لئے ہمارے ساتھ آواز بلند کریں اور بھارت پر اپنا عالمی دباوؤبڑھائیں تا کہ بھارت جلد از جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کاحق خود ارادیت دے اور بھارت مقبوضہ کشمیر سے اپنا ناجائز تسلط ختم کر کے کشمیریوں کو آزادی دے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ بھارت تیزی کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافک تبدیلیاں کرتا چلا جا رہا ہے جو کہ انتہائی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہیں اور بھارت کے اس گھناؤنے اقدام اور سازش سے پوری دنیا میں بسنے والے کشمیریوں میں جہاں غم و غصہ پایا جاتا ہے وہیں شدید تشویش بھی لاحق ہو چکی ہے۔ برطانوی حکومت بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں تمام غیر آئینی اور غیر قانونی کام کرنے سے روکے۔ راجہ نجابت حسین و دیگر نے کہا کہ بھارت اپنے تمام جابرانہ اور ظالمانہ رویئے ترک کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی دے۔ عالمی طاقتیں بھارت پر دباؤبڑھائیں اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی دلوائیں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم سب مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جاندار اور مضبوط آواز ہیں اور پوری دنیا میں کشمیریوں کی آواز بلندکرتے رہیں گے۔ ہمار ا مشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے ناجائز قبضےسے آزادی نصیب نہیں ہو جاتی۔ ہمارا مشن ہے کہ ہم سب مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی دلواکر پوری ریاست جموں وکشمیر کو پاکستان میں شامل کریں گے اور تکمیل پاکستان کریں گے۔