کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل دو بھارتی ارب پتی تاجر گوتم اڈانی اور مکیشن امبانی حالیہ سالوں میں بھارت کی معروف ترین کاروباری شخصیات کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں، دونوں کاروباری شخصیات ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے ہمیشہ سے سرگرم رہے ہیں۔ بھارتی جریدے کے مطابق ان دونوں کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ دونوں شخصیات حب الوطن اور قوم کے معمار ہیں جو اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے انڈیا کی معیشت کو مزید ترقی دے رہے ہیں۔ دوسری طرف ان کے ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ دونوں صرف اپنی ذات کیلئے ہی سب کچھ کرتے ہیں۔ اڈانی اور امبانی کا بھارتی کاروبار پر بڑھتا ہوا اثرورسوخ غیر متنازع ہے۔ دونوں کی کمپنیوں کا ریونیو بھارتی شرح ترقی کا 4 فیصد بنتا ہے۔ اڈانی نے 26 جولائی کو ایک سالانہ میٹنگ کے دوران کہا تھا کہ ہم نے بھارت سے باہر سرمایہ کاری کے بارے میں سوچا ہے اور نہ ہی اپنی سرکایہ کاری کی رفتار کو کبھی کم کیا ہے۔ اسی طرح امبانی نے 29 اگست کو اپنے سالانہ اجلاس کے موقع پر اپنی کمپنی کی سرمایہ کاری کو دگنا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم لوگ جو کچھ بھی اچھا کرتے ہیں اس کے پیچھے ہماری حب الوطنی ہے۔ دونوں شخصیات بھارتی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، یہ دونوں ایک ایسے ملک میں ترقیوں کے زینے پر چڑھے ہیں جہاں کئی افراد اکثر ناکام رہتے ہیں۔ ان دونوں کی کمپنیوں کی مجموعی تجارت 452 ارب ڈالر بنتی ہے جو چار برس قبل 112 ارب ڈالر تھی۔ ریسرچ کمپنی ہورن انڈیا کے مطابق گزشتہ 4 برس میں اڈانی اور امبانی کی دولت میں بھی 4 گنا اضافہ ہوا ہے جو 65 ارب ڈالر سے بڑھ کر 237 ارب ڈالر تک جاپہنچی ہے۔ اڈانی اس وقت ایلون مسک اور جیف بیزوس کے بعد دنیا کی تیسری امیر ترین شخصیت ہیں۔