• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پرعزم، امدادی رقم 70 ارب کردی، وزیراعظم

سکھر(بیورورپورٹ ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی رقم 28 ارب سے بڑھا کر 70 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا، ہر متاثرہ خاندان تک شفاف طریقے سے امداد پہنچے گی، سیلاب سے فصلیں تباہ ہوگئیں، لوگ بے گھرہو ئے، عالمی برادری کی طرف سے امداد کاشکریہ اداکرتے ہیں، یہ وقت سیاست کانہیں سیلاب متاثرین کیلئے مل کر کام کرناہوگا۔ پیر کو قمبر شہدادکوٹ میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم کئے گئے امدادی کیمپ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقے کافضائی جائزہ لیا ہے، ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ سیلاب سے بہت تباہی ہوئی ہے۔ سندھ حکومت متاثرین کی مدد کیلئے دن رات کام کر رہی ہے ۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر متاثرین کی مدد کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی۔قبل ازیں وزیراعظم نے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 25 ہزار روپے کی امداد کاسلسلہ بلوچستان سے شروع کیا۔ تمام متاثرہ علاقوں میں امداد کے لئے 28 ارب روپے مختص کئے گئے تھے لیکن سیلاب سے متاثرہونے والے خاندانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے ، اس لئے وفاقی حکومت نے یہ رقم 70 ارب روپے تک بڑھانے کافیصلہ کیا ہے ۔

اہم خبریں سے مزید