• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملانے کے بعد پاکستانی شاہین ایشیا کپ 2022 کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اگر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2022 کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو وہاں پر پاکستانی کرکٹرز چھائے ہوئے ہیں۔

سب سےزیادہ رنز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں براجمان ہیں۔

انہوں نے تین میچزمیں 96 کی اوسط سے 192 رنز بنائے جبکہ دوسرے نمبر پر سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی موجود ہیں جنہوں نے 4 میچز میں اب تک 51.33 کی اوسط سے 154 رنز بنائے ہیں۔

سب سے زیادہ وکٹیں

بھارت کے خلاف فتح گر اننگز کھیلنے والے آل راؤنڈر محمد نواز سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں ٹاپ پر ہیں، انہوں نے تین میچز میں 7 کھلاڑیوں کا شکار کیا، ان کا اکنامی ریٹ 6.51 ہے۔

نواز نے دو اننگز میں 22 کی اوسط سے 43 رنز بھی بنائے جبکہ افغانستان کے مجیب الرحمان بھی تین میچز میں 7 وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بیسٹ بولنگ فیگرز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان بیسٹ بولنگ فیگرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔

انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں 2 اوورز میں 8 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا تھا۔

دوسرے نمبر پر بھارت کے بھونیشور کمار ہیں جنہوں نے پاکستان کے خلاف 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 4 وکٹیں لی تھیں۔ 

سب سے زیادہ نصف سنچریاں

سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہے۔ 

انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں 57 گیندوں کی مدد سے 78 رنز بنائے تھے جبکہ بھارت کے خلاف 71 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

واضح رہے کہ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی بھی ایونٹ میں اب تک دو نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ 

انہوں نے پاکستان کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں 60 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ وہ پہلے مرحلے میں ہانگ کانگ کے خلاف 59 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید