• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سید علی گیلانی کے یوم شہادت کو یوم بابائے حریت قرار دیا جائے، کشمیری رہنما

لندن (نمائندہ جنگ) کشمیری، پاکستانی ڈائیسفرا اور ان کے سپورٹرز نے برطانیہ اور یورپ بھر میں شہید سید علی گیلانی کی پہلی برسی کی مناسبت سے ʼیومِ بابائے حریت اور ʼیومِ آزادی کی تحریک کے طور پر منایااور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضہ کے خلاف برمنگھم، گلاسگو، لوٹن، اولڈہم، لیڈز، نیلسن شہروں میں کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے چیئرمین سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بڑی تعداد میں کشمیری کمیونٹی نے اجتماعات منعقد کیے۔ سید علی گیلانی کی یکم ستمبر 2021کو رحلت ہوئی تھی جبکہ وہ نظر بند تھے۔کشمیری قوم کی خواہش کے خلاف انہیں زبردستی مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا تھا، برمنگھم میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، یورپ کے صدر محمد غالب اور دیگر رہنماؤں نے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ بھارت کو شہید گیلانی کی میت واپس کرنے پر مجبور کرے تاکہ اسے کشمیری عوام کی مرضی اور خواہش کے مطابق پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جاسکے، سید علی گیلانی شہید نے شہدا قبرستان سری نگر میں تدفین کی خواہش ظاہر کی تھی۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی، جن کی دعوت پر برطانیہ میں یوم بابائے حریت کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اپنے قائدین کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے، فہیم کیانی نے برمنگھم میں بھارت مخالف مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہید گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں فاشسٹ بھارتی فوجی حکومت کا آخر دم تک انتھک مقابلہ کیا۔فہیم کیانی نے کہا کہ شہید گیلانی نے ہمیں ایک راستہ دکھایا کہ کوئی بھی چیز غیر قانونی قبضے سے مقدس آزادی کی جگہ نہیں لے سکتی ہمیں جبر و تشدد سے آزادی کے مطالبے سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا، شہید گیلانی کی جدوجہد نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’شہید گیلانی نے نام نہاد جمہوری ہندوستان کو ایک نوآبادیاتی طاقت کے طور پر بے نقاب کیا جسے مغرب کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی اقوام کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دے، انہوں نے واضح کیا کہ فاشسٹ بھارت ایشیا میں ایک سامراجی اور نوآبادیاتی طاقت ہے۔ اس کے چہرہ کو ہم یورپ میں پرامن سیاسی اور سفارتی ذرائع سے ایکسپوز کرتے رہیں گے اور ان تمام لوگوں کو جو استعمار مخالف اور سامراج مخالف جدوجہد میں یقین رکھتے ہیں ہندوستان کے خلاف لڑنے کے لیے اکٹھے ہونا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر میں اس کے جنگی جرائم پر بھارت کو جوابدہ بنایا جائے۔ انہوں نے آزاد کشمیر (اے جے کے) کی حکومت اور وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کا یوم بابائے حریت کی یاد میں ریاستی سطح کے پروگراموں کے انعقاد پر بھی شکریہ ادا کیا۔ کیانی نے کشمیریوں کے اس مطالبے کا اعادہ کیا کہ یکم ستمبر شہید گیلانی کے یوم شہادت کو حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے ʼیوم بابائے حریت قرار دیا جائے۔ محمد غالب صدر تحریک کشمیر یورپ نے کہا کہ شہید گیلانی آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں سے محبت کرتے تھے کیونکہ آزاد کشمیر کے لوگوں نے فاشسٹ ڈوگرہ حکومت کا مقابلہ کیا تھا انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں لوگ عزت و وقار کی زندگی بسر کر رہے ہیں اور یہ آزادکشمیر کے لوگوں اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ دنیا بھر میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ رابطہ قائم کرے تاکہ ہندوستان کے کشمیر پر غیر قانونی فوجی قبضے کو ختم کرنے کے لیے لابنگ اور سفارت کاری کو تیز کیا جا سکے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے خواجہ محمد سلیمان نے کہا کہ شہید سید علی گیلانی کی تحریک اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ وہ ان چند مسلم رہنماؤں میں سے ایک تھے جن کے خطے کے مسلمانوں کے لیے ایک اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا وژن تھا، سید طفیل حسین شاہ سرپرست اعلیٰ تحریک کشمیر یوکے، شوکت سلطان سیکرٹری جنرل سکاٹ لینڈ، انجینئر محمد یوسف صدر نارتھ زون، مولانا شفیق الرحمٰن سابق صدر UKIM، چوہدری اکرام الحق صدر برمنگھم، چوہدری محمد شریف سینئر نائب صدر، راجہ محمد اسلم انچارج ہارونیہ مسجد، قمر عباس سینئر نائب صدر، برمنگھم، اشتیاق احمد صدر لیڈز، شفیق ملک لیڈز، کاشف منیر، برمنگھم اور راجہ محمد آزاد صدر برمنگھم نے AJK حکومت پر زور دیا کہ وہ ایک پالیسی مرتب کرے جس سے تعلیمی نصاب میں سید علی گیلانی کے کاموں کو متعارف کروایا جائے، سٹاپ دی وار کولیشن برمنگھم برانچ کے سیکرٹری جنرل سٹیورٹ رچرڈسن نے بھی بھارتی حکومت کی طرف سے شہید سید علی گیلانی کو بندوق کے زور پر دفن کرنے کی مذمت کی۔ جنگ بند کرو اتحاد اور تحریک کشمیر برطانیہ کے کارکنوں نے برمنگھم بھر میں شہید سید علی گیلانی اور کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف ان کی جدوجہد کے بارے میں پمفلٹ تقسیم کیے واضح رہے کہ جس رات شہید گیلانی نے جام شہادت نوش کیا تھا فاشسٹ بھارتی فوجیوں نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا ان کے اہل خانہ، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کو زدوکوب کیا تھا اور ان کے جسد خاکی کو گھسیٹ کر گھر سے باہر لے گئے تھے اور بعد ازاں ان کے جسد خاکی کو زبردستی رات کے آخری پہر میں سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔

یورپ سے سے مزید