برمنگھم (پ ر) قائد تحریک حریت، شہید اعظم سید علی گیلانی نے اپنی ساری زندگی کو تحریک آزادی کشمیر کے وقف کیا، مشکل اور نامساعد حالات میں بھی ایک چٹان کی طرح بھارت کے خلاف ڈٹے رہے، نہ جھکنے اور نہ بکنے والی عظیم شخصت تھے، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے یہ نعرہ پوری قوم کو دیا اور یہ نعرہ پوری دنیا میں مقبول ہوا، پوری قوم کو تحریک آزادی کی پشت پر لا کھڑا کیا، پرویز مشرف کے چار نکاتی فارمولے کی شدید مخالفت کرکے تقسیم کشمیر کے اس فارمولے کو ناکام کیا، زندگی کا بیشتر حصہ جیلوں میں گزارا، 12 سال کی مسلسل نظر بندی کے بعد بھارت نے رات کے اندھیرے جبری تدفین کی اور ان کے جنازے میں کسی کو شرکت کی اجازت نہیں دی، انہوں نے شیخ عبداللہ کی سازشوں اور اصل روپ کو پوری قوم کے سامنے بے نقاب کیا ۔ان خیالات کا اظہار تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے شہید کشمیر سید علی گیلانیؒ کی یاد میں تحریک کشمیر برطانیہ برمنگھم کے زیر اہتمام ان کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا، پوری کشمیری قوم سید علی گیلانی کے نقش قدم پر چل کر بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے آزادی حاصل کر کے دم لے گی، بھارتی فوج کے مظالم اور قتل عام کے باوجود کشمیری پر عزم ہیں، سفارتی محاذ پر بھارت کا ظالمانہ چہرہ بے نقاب ہوچکا اور جب تک مسئلہ کشمیر پُرامن طور پر حل نہیں ہوگا خطے میں پائی جانے والی کشیدگی ختم نہیں ہوسکتی، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے۔تقریب سے تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم، یوکے اسلامک مشن مڈلینڈ کے صدرحسین اصغر، سٹاپ دی وار کولیشن برمنگھم کے سکریٹری سٹیورٹ رچرڈ سن، پیپلز پارٹی کے سینیئر نائب صدر چوہدری منظورحسین، تحریک انصاف کے رہنما غضنفر محمود، مولانا محمد سجاد نے خطاب کیا، تقریب کی صدارت تحریک کشمیر برطانیہ برمنگھم کے صدر چوہدری اکرام الحق نے کی خواجہ محمد سلیمان نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، خواجہ نثار احمد نے نعت شریف پیش کی اور معروف شاعر خواجہ محمد عارف نے سید علی گیلانی پر اپنا کلام پیش کیا۔