• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا شور آپ کی سماعت کو خراب کر رہا ہے؟

جدید دنیا میں ہر طرف شور برپا ہے جیسے کہ ٹریفک کا شور، سائرن کی آوازیں، ٹی وی کی جھنکار، تعمیراتی عمل کا شور وغیرہ۔ اس طرح کی آوازیں اکثر اتنی زیادہ ہوتی ہیں کہ یہ پس منظر میں معلوم ہوتی ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ اونچی آوازیں سماعت پر سنگین اور مستقل اثر ڈالتی ہیں۔ بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز (سی ڈی سی) کا تخمینہ ہے کہ 20 سے 69 سال کی عمر کے 17 فیصد امریکی (تقریباً 2 کروڑ 60لاکھ افراد شور کی وجہ سے سماعت سے محروم ہیں (NIHL)۔ 

جب امریکا جیسے ترقی یافتہ ملک میں یہ شرح ہے تو ہمارے ملک میں اس شرح سے بھی زائد افراد کے متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جاسکتا ہے۔ مشی گن میں سینٹ جوزف مرسی ہیلتھ سسٹم کے کان ناک اور گلے کی بیماریوں کے ماہر جوزف سیمور کہتے ہیں، ’’زائد عمر میں سماعت سے محرومی کی عام وجہ کے بعد شور کی وجہ سے سماعت سے محرومی عام ہے۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا اکثر سامنا کرنا پڑتا ہے‘‘۔

شور کی وجہ سے سماعت کا نقصان 

سماعت ایک انتہائی پیچیدہ فعل ہے اور یہ حیرت انگیز طور پر نازک بھی ہے۔ کان کے اندر کے خلیے جِلد کے خلیوں سے مختلف ہوتے ہیں۔ ایک بار ختم ہوجانے کے بعد یہ دوبارہ نہیں بڑھتے۔ کانوں کے اندر موجود ہزاروں خلیے صوتی لہروں کو برقی سگنلز میں ترجمہ کرنے اور انہیں آپ کے دماغ تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جہاں انہیں آواز کے طور پر سمجھا جاتا ہے۔ بہت تیز آوازیں ان خلیوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، یا تباہ بھی کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ، برقی سگنل منتقل کرنے والے سمعی اعصاب (auditory nerve) کو بھی اونچی آواز سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔ 

شور کی وجہ سے سماعت کا نقصان طویل مدت تک اونچی آوازوں کا سامنا کرنے کا نتیجہ ہو سکتا ہے، جیسے روزانہ گھنٹوں ٹریکٹر پر سواری یا تیز آواز کرکے ہیڈ فون پہنے رکھنا۔ انتہائی تیز، ایک بار کی آواز، جیسے کہ دھماکہ یا بندوق کی گولی سے بھی سماعت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ شور کی وجہ سے سماعت کے نقصان کو روکا جاسکتا ہے، جب تک کہ آپ اپنے کانوں کی حفاظت کے لیے کچھ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

علامات جانیں

شور کی وجہ سے سماعت کے نقصان کی دو سب سے عام علامات سننے میں ناکامی اور کانوں میں گھنٹی بجنا یا گونجنا (tinnitus) ہے۔ اس کے علاوہ، کچھ دوسری علامات بھی ہیں جیسے کہ؛

٭ لوگوں سے اکثر بات دہرانے کا کہنا۔

٭ پسِ منظر میں شور ہونے پر سننے میں دشواری۔

٭ اپنے ٹی وی یا ہیڈ فون پر آواز کو مستقل طور پر بڑھانے کی ضرورت محسوس ہونا۔

٭ آوازیں خراب ہو رہی ہوں یا گڑبڑ لگ رہی ہوں۔

خرابی کو مکمل طور پر روکنا

شور کی سطح کو ڈیسیبلز (dBA) میں ماپا جاتا ہے۔ ڈیسیبلز کا لیول جتنا اونچا ہوگا، اتنا ہی کم وقت آپ محفوظ طریقے سے اس والیوم پر آواز سن سکتے ہیں۔ تمام اونچی آوازوں سے گریز کرنا مشکل ہے، لیکن شور والی جگہوں پر جانے سے جتنا ممکن ہو گریز کریں۔ سیمور کا کہنا ہے کہ اگر آپ بلند آواز کے ماحول میں کام کرتے ہیں، جیسے کہ مینوفیکچرنگ پلانٹ، تو آپ کے آجر کو کچھ ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ 

امریکا میں اس حوالے سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ جب ڈیسیبلز 85 سے زیادہ ہو تو آجروں کو اپنے ورکرز کو سماعت سے تحفظ فراہم کرنا چاہیے، اس کے علاوہ اوسطاً آٹھ گھنٹے سے زیادہ کام کے اوقات نہ ہوں۔ آپ ذیل میں درج ان عمومی ہدایات پر بھی عمل کر سکتے ہیں تاکہ آپ اونچی آوازوں والی جگہ پر جانے سے گریز کرکے اپنی سماعت کی حفاظت کرسکیں۔

اپنے آپ کو آگاہ رکھیں: اس بات کا اندازہ لگائیں کہ شور کی کونسی قسم اور سطح آپ کی سماعت کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اگر آپ کسی ایسی جگہ پر ہیں جہاں لوگ چیخ چیخ کر بات کر رہے ہیں، تو شور کی یہ سطح آپ کے کانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

جب ممکن ہو شور سے گریز کریں: اگر ہو سکے تو ایسے حالات اور جگہوں سے دور رہیں جہاں اونچی آوازیں آتی ہوں۔ اگر آپ ان سے مکمل طور پر بچ نہیں سکتے تو پھر وقفے لیں۔ یاد رکھیں، شور والی جگہ پر رہنے کا دورانیہ اور شور کا حجم دو بنیادی عنصر ہیں۔

حفاظتی اشیا استعمال کریں: کانوں میں روئی کی گیندیں بھرنے سے کام نہیں چلے گا۔ اس کے بجائے، ایئر پلگ استعمال کریں جو کان کی نالی میں فٹ ہوں یا پھر کانوں کو مکمل طور پر ڈھانپنے والے ایئرمفس استعمال کریں۔ سب سے زیادہ اونچی آوازوں جو مسلسل آٹھ یا اس سے زیادہ گھنٹے تک چلیں، ان کے لیے ایئر پلگ اور ایئرمفس ایک ساتھ استعمال کریں۔

آواز بڑھانے کی خواہش پر قابو پائیں: آواز بڑھانے کی اپنی خواہش کو روکیں اور اپنے ٹی وی، ہیڈ فونز اور زندگی میں کسی بھی دوسرے قابل کنٹرول آڈیو آؤٹ پٹس کی آواز نارمل رکھیں۔

ہیڈ فون کے ساتھ ہوشیار بنیں: سیمور مریضوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ 60 کے اصول پر عمل کریں۔ یعنی اپنے ہیڈ فون کے استعمال کو ڈیوائس کی حجم کی صلاحیت کے 60 فیصد پر 60 منٹ سے زیادہ نہ رکھیں۔ جب آپ اکیلے کچھ سنتے ہیں، تو ایئر بڈز کے بجائے ہیڈ فونز استعمال کریں۔ شور کو ختم کرنے والے ہیڈ فونز خریدنے پر غور کریں۔

اگر آپ کو روزمرہ معمولات میں اونچی آواز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو یہ دانشمندی ہے کہ آپ اپنی سماعت کو باقاعدگی سے چیک کروائیں، خاص طور پر اگر آپ کو سماعت کے خراب ہونے کا شبہ ہو۔ جلد پتہ لگانے سے آپ کو ایسی صورت حال کی نشاندہی کرنے میں مدد مل سکتی ہے جو نقصان کا باعث بن رہی ہے اور مستقبل میں اس سے بچا جاسکتا ہے۔

صحت سے مزید