لندن (پی اے) ماہرین صحت نے نومنتخب وزیراعظم لز ٹرس کے نام ایک خط میں متنبہ کیاہے کہ موسم سرمامیںاین ایچ ایس کو مریضوں کی بہتات کا سامنا کرناہوگا، اس لئے صورتحال سے نمٹنےاور فرنٹ لائن پر پہلے ہی سے موجود دبائو کو کم کرنے کیلئے کارروائی کی جائے۔انھوں نے لکھا ہے کہ وزیر اعظم کو این ایچ ایس بہت ہی نازک حالت میں ملاہے اور اس ادارے پر عوام کا اعتماد گزشتہ 25سال کی سب سے کم سطح پر ہے،اس خط پر این ایچ ایس کنفیڈریشن،این ایچ ایس پرووائیڈرس،نیشنل وائسز،رائل میڈیکل کالجز اکیڈمی اور رچمنڈ چیریٹیز گروپ کے دستخط ہیں ،خط میں لز ٹرس کی جانب سے این ایچ ایس کو ٹھوس اور مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے کے عزم کا خیرمقدم کیاگیا ،اور ہیلتھ سروس کو درپیش خطرات کے شعبوں پر توجہ دینے اورموسم سرما میں متوقع طورپر بڑھ جانے والے خطرات ختم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کو کہاگیاہے۔خط میں کہاگیاہے کہ این ایچ ایس انگلینڈ میں 132,000اسامیاں خالی پڑی ہیں ان میں جی پیز کی کمی شامل نہیں ہے۔سوشل کیئر سیکٹر کی مدد کی ضرورت جہاں 165,000اسامیاں خالی ہیں ،خط میں کہاگیاہے کہ انگلینڈ کے ہسپتالوں میں موجود ہر ساتواں مریض صحت یاب ہوچکاہے لیکن اسے کمیونٹی میں سوشل کیئر نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال سے فارغ نہیں کیاجارہاہے ،خط میں کہاگیاہے کہ این ایچ ایس کی زبوں حال عمارتوں کی مرمت کرنے اور ناقص آئی ٹی سسٹم کو درست کرنے کیلئے فوری طورپر فنڈ کی ضرورت ہے۔کیونکہ اس کی وجہ مریضوں اور عملے کا تحفظ دائو پر لگاہواہے خدمت کا معیار متاثر ہورہاہے ۔خط میں اخراجات زندگی میں اضافے کی وجہ سے مریضوں اور خود این ایچ ایس پر پڑنے والے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیاگیاہے خط میں کہاگیاہے کہ ان ترجیحات پر فوری کارروائی نہ کرنے کی صورت میں این ایچ ایس بڑھتی طلب کو پورا نہیں کرسکے گا۔این ایچ ایس کنفیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو ماتھیو ٹیلر نے کہا ہے کہ نئی حکومت کو این ایچ ایس بہت برے حال میں ملا ہے،فرنٹ لائن دیکھ بھال کی ضرورت بہت بڑھ چکی ہے مریضوں کے انتظار کی مدت میں اضافہ ہورہاہے جس کی وجہ سے موسم سرما میں متوقع صورت حال بہت ہی بھیانک نظر آرہی ہےاخراجات زندگی میں اضافےکے صحت کے شعبے پر بھی گہرے اثرات پڑ رہے ہیں۔اس کیلئے این ایچ ایس کو فوری سپورٹ پیکیج کی ضرورت ہے اضافی سپورٹ کے اقدامات کے بغیر ہماری قوم کی صحت پر دیر پا منفی اثرات مرتب ہوں گے۔