اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھے جانے والے جریدےاکنامسٹ میں شائع ہونے والی دو خبروں نے عمران نیازی کے بارے میں ہمارے موقف کی تصدیق کردی ہے‘وہ پاکستان کو کمزور کرنے پر تلا ہواہے۔جمعرات کو اپنے بیان میںشہبازشریف نے کہا کہ جریدے نے اپنے تازہ شمارے میں لکھا ہے کہ عمران نیازی نے آئی ایم ایف سے پروگرام کی منظوری رکوانے کی کوشش کی اور وہ حالیہ سیلاب کی آفت کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے استعمال کررہا ہے۔دریں اثناءوزیر اعظم نے کہا ہے کہ امریکاکی طرف سے مسلسل تعاون، یکجہتی اور سیلاب زدگان کیلئے امداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے، پاکستان باہمی سکیورٹی، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پاک امریکا تعلقات کومزیدمستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے‘ آلودہ پانی کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا ممکنہ پھیلاؤ بھی تشویشناک صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر ڈیرک چولیٹ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہو ں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر آگاہ کیا کہ 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ پاکستانی اس آفت سے اب تک متاثر ہوئے ہیں جبکہ 1,300 سے زیادہ لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔