• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلابی صورتحال، پاکستان کو بڑی امداد کی ضرورت، عالمی برادری بھرپور امداد کرے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، شکریہ آپ کے جذبات پاکستانیوں جیسے، وزیراعظم

اسلام آباد(اے پی پی‘جنگ نیوز)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو کیلئے عالمی برادری سے بھرپور امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب جیسی قدرتی آفت کا سامنا ہے.

 اس صورتحال سے نکلنے کیلئے بڑی امداد کی ضرورت ہے، عالمی برادری سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان کو بھرپور تعاون درکار ہے۔

جمعہ کو نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سنٹر (این ایف آر سی سی) کے دورہ کے موقع پر شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس ٹاک کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عالمی درجہ حرارت بڑھانے میں پاکستان کا کوئی قصور نہیں لیکن پاکستان اس سے سب سے زیادہ ڈرامائی انداز میں متاثر ہوا‘ دنیاآگے آئے اور پاکستان کی مددکرے ‘ انتونیو گوتیرس نے قرضوں کی واپسی میں پاکستان کی مددکا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب سے پاکستان کا ابتدائی نقصان 30ارب ڈالر ہوگیا اور یہ مسلسل بڑھ رہاہے ‘یہ یکجہتی کا نہیں انصاف کا تقاضا ہے ‘.

عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے خاص طورپر وہ ممالک جنہوں نے درجہ حرارت بڑھا کر زمین کو نقصان پہنچایا ‘ہم نے فطرت کے خلاف جنگ کی ‘فطرت نے تباہ کن اندازمیں ہم پر پلٹ کر وار کیا لیکن زیادہ نقصان اسے پہنچایا جس کا قصور نہیں ‘آج جہاں پاکستان کل وہاں آپ کا ملک ہوسکتا ہے ‘ہمیں اسے فوری روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بہت بڑے قدرتی المیے کا سامنا ہے، انہوں نے اس قدر بڑے حجم کی قدرتی آفت نہیں دیکھی۔

پاکستان کو اس بڑی قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے بڑے وسائل درکار ہوں گے‘سیلاب متاثرین کی امداد کے ساتھ ساتھ پاکستان کے معاشی استحکام سمیت ان بڑے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قرضوں کی شکل میں بھی مدد کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی باتوں سے ایسا لگا کہ وہ ایک درد دل رکھنے والے پاکستانی کی طرح بات کر رہے ہیں۔

آپ کے جذبات پاکستانیوں جیسے ہیں‘ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ، عالمی برادری اور ملکی سطح پر ملنے والی امداد کی ایک ایک پائی کی شفافیت کے ساتھ استعمال کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا وزارت خارجہ پہنچنے پر استقبال کیا۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

 بعد ازاں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔اس موقع پر انتونیوگوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان کی اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا،پاکستان کے ساتھ محبت کا رشتہ ہے،افغان مہاجرین کی طویل عرصے تک مہمان نوازی پر پاکستان لائق تحسین ہے.

اقوام متحدہ نے ابتدائی طور پر 160 ملین ڈالر کی فلیش اپیل کی تھی جو سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے ناکافی ہے، دورہ پاکستان کا مقصد عالمی برادری سے پاکستان کے لئے مدد کی اپیل ہے،بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی امداد درکار ہے۔

اہم خبریں سے مزید