کوئٹہ (خ ن) صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ ایڈووکیٹ کے احکامات کی روشنی میں ضلع پشین میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کی تعمیر کیلئے متنازع زمین کا مسئلہ حل کر دیاگیا۔صوبائی محتسب کے ترجمان کے مطابق محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ ایڈووکیٹ کی ہدایت کی روشنی میں ڈائریکٹر محتسب سیکرٹریٹ عبدالمنان اچکزئی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد قاسم کاکڑ اور بی اینڈ آر کے ایکسیئن عبدالرحمٰن نے ضلع پشین کے علاقے رود ملازئی کلی وریا میں گورنمنٹ ڈگری کالج کی نشاندہی کیلئے علاقہ معتبرین اور سماجی کارکن منظور اخوندزادہ کے ساتھ دورہ کیا،مذکورہ بالا افسران کے دورے کا مقصد کلی ووریا میں مجوزہ زمین جس پر کالج تعمیر ہونا ہے محکمہ بی اینڈ آر اور علاقے کے لوگوں میں پیدا ہونے والے اختلافات کو ختم کرنا تھا، واضح رہے کہ مذکورہ کالج جسے صوبائی محتسب کے احکامات کی روشنی میں پی ایس ڈی پی میں شامل کیا گیا اور 20 ملین روپے کالج کی تعمیر کیلئے جاری بھی کئے گئے لیکن زمین کی تخصیص پر اختلافات کی وجہ سے تعمیر کا کام تعطل کا شکار رہا لہٰذا اس ضمن میں علاقہ مکینوں نے صوبائی محتسب کو درخواست دی تھی ،ڈائریکٹر محتسب سیکرٹریٹ عبدالمنان اچکزئی و دیگر نے علاقے کا دورہ کیا اور دونوں فریقین کی باہمی مشاورت سے زمین کی نشاندہی کے بعد کالج کی تعمیر کے کام کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ۔