• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ: رکشہ میں سوار شہری کا ٹریفک اہلکار پر حملہ، واقعہ کی ویڈ وائرل

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر)زرغون روڈ سریاب پھاٹک پر ٹریفک جام ہونے پر رکشہ میں سوار نوجوان نے ٹریفک اہلکار پر حملہ کر کےزخمی کردیا، پولیس نے کار سرکارمیں مداخلت پر مقدمہ درج کرلیا جبکہ واقعہ کی ویڈ وائرل ہونے پر آئی جی پولیس نے نوٹس لیکر واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ پولیس کے مطابق پیر کی شام ٹریفک کانسٹیبل بابر علی سارجنٹ اوردیگر اہلکاروں کے ہمراہ زرغون روڈ سریاب پھاٹک کے قریب ڈیوٹی انجام دے رہا تھا اس دوران ڈبل روڈ سے آنے والی ٹریفک کو روکا جس پر ایک رکشہ میں سوار نوجوان نے رکشےسے اتر کر ٹریفک اہلکار کو کہا کہ انہیں کیوں روکا جس پر وہاں موجود اہلکاروں نے اس کو بتایا کہ دوسری طرف سے ٹریفک کا رش زیادہ آرہا ہے کچھ دیر آپ رک جائیں اس کے بعد آپ کو جانے دیا جائیگا تاہم مذکورہ نوجوان نے مشتعل ہوکر پولیس اہلکار پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں بابر علی زخمی ہوگیا ۔سارجنٹ و دیگر اہلکاروں نے بیچ بچاؤ کیا ۔ٹریفک پولیس نے کار سرکار میں مداخلت پر سول لائن تھانے میں مقدمہ درج کرادیا ، دوسری جانب ٹریفک اہلکار اور شہری کے درمیان ہاتھا پائی کی ویڈیو وائرل ہونے پر آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ٹریفک ملک جاوید اقبال کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے جو تین روز میں رپورٹ پیش کریگی ۔دریں اثناء شہری کی جانب سے ویڈیو کا وہ حصّہ وائرل نہیں کیا گیا جس میں شہری پولیس اہلکار کو زدوکوب کر کے زخمی کر رہا ہے بلکہ صرف پولیس اہلکار کی لڑائی کی ویڈیو وائرل کی تاہم پولیس نے اس شہری کا بھی کھوج لگا لیا جلد اسے بھی شامل تفتیش کر لیا جائے گا۔
کوئٹہ سے مزید