• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈسٹری میں کام نہ ملا، بھارتی اداکارہ نے کال سینٹر جوائن کرلیا

بھارت کی ٹی وی اداکارہ ایکتا شرما نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام نہ ملنے کے بعد کال سینٹر میں ملازمت شروع کردی۔

ایکتا نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کی حوالگی کیلئے قانونی جنگ لڑ رہی ہیں اور کسی معجزے کا انتظار نہیں کرسکتیں۔

کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد سے کام نہ ملنے کی وجہ سے ایکتا نے فیصلہ کیا کہ پیسہ کمانے کے لیے تعلیم کو کام میں لانا چاہیے۔

ایکتا شرما نے ڈیڈی سمجھا کرو، کُسم، کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی، کامنی دامنی اور بےپناہ پیار جیسے عمدہ ڈراموں میں سمیت کئی دیگر میں اداکاری کی ہے۔

وہ اسکول کے وقت سے ماڈلنگ کر رہی ہیں اور ہمیشہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ہی کام کیا ہے۔

ایکتا نے کہا کہ مجھے خود کو اصل دنیا میں جا کر کام کرنے کے لیے ذہنی طور پر تیار کرنا پڑا۔

’’ایک پرتعیش زندگی چھوڑ کر کہ جہاں ایک اسپاٹ بوائے ہمیشہ آپ کے ساتھ ہوتا ہے، متوازن غذا ملتی، اس سب سے لے کر اب غصیلے کسٹمرز سے بات کرنا پڑ رہی ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک جنگجو کی زندگی گزارنا چاہتی تھی، مظلوم بن کر نہیں۔

ایکتا شرما نے کہا کہ جب کوئی شخص انتہائی قدم اٹھا رہا ہوتا ہے تو لوگ بڑے بڑے مشورے دیتے ہیں لیکن دوسرے کی زندگی نہیں دیکھتے کہ وہ کیسے جی رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 20 سال سے انڈسٹری کا حصہ ہوں اور یہ پہلا موقع ہے کہ کام ڈھونڈنے کے لیے جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے۔

ان کا آخری شو ’بےپناہ پیار‘ لاک ڈاؤن سے پہلے ہی ختم ہوا تھا جس کے بعد سے اب تک ایکتا کو انڈسٹری میں کوئی کام نہیں ملا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید